بینظیر انکم سپورٹ پروگرام،یونیسیف ،ڈبلیو ایچ او کا مشترکہ نشوونما پروگرام کے معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان میں غذائی قلت  اور اسٹنٹنگ کے مسائل پر قابو پانے اور ماں اور بچوں کی صحت کوبہتر بنانے کے حوالے سے  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ۔ یونیسیف اور عالمی ادارہ صحت کے مابین دو الگ الگ معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔اعلامیہ کے مطابق  معاہدہ    کا مقصد   ماں اور بچوں میں شدید غذائی قلت کے باعث پیدا ہونے والی بیماریوں کے علاج کے لیے غذائیت سے بھرپور خوارک فراہم کرنا ہے۔ اس شراکت داری سے متاثرہ بچوں اور ماں کو زندگی بچانے والی غذائی امداد کی فراہمی اور انکی آگاہی میں مدد ملے گی۔  ڈبلیو ایچ او کے ساتھ معاہدے میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کے اندر ضلعی سطح پر ملک بھر میں اسٹیبلائزیشن سینٹرز  کی مینجمنٹ شامل ہے۔ یہ مراکز پیچیدہ بیماریوں  کے  شکار بچوں کے لیے خصوصی دیکھ بھال فراہم کریں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے پاکستان میں غذائی قلت سے نمٹنے کے لیے ان معاہدوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ” ہمارا مقصد پاکستان بھر میں پسماندہ طبقات کو صحت اور غذائیت کی مدد فراہم کرنے کے لیے اپنے  باہمی  اشتراک کو استوار کرنا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس تعاون کے ذریعیہم متاثر کن نتائج حاصل کریں گے اور اپنے  مستحقین کی زندگیوں میں دیرپا تبدیلی لائیں گے۔”پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فادیل نے کہا، “غریب  گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو غذائیت اور سماجی تحفظ کے پروگراموں میں ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ منگل کو مفاہمت کی اس یادداشت پر دستخط کرکے یونیسیف نے پاکستان میں زچگی، نوعمروں بچیوں اور بچوں کی غذائیت کو بہتر بنانے کے لیے حکومتی کوششوں کی حمایت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔”عالمی ادارہ صحت  کے ڈاکٹر لوو ڈپینگ نے کہا ، ” بی آئی ایس پی کیساتھ شراکت داری ڈبلیو ایچ او  کیلئے  ایک اعزاز کی بات ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد  شدید غذائی قلت کے شکار 75,000 بچوں کو طبی پیچیدگیوں  سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے علاج کی فراہمی  اور بچوں میں اسٹنٹنگ سے نمنٹے کیلے ماں کے دودھ کی اہمیت کو  فروغ دینا ہے۔

‘ہم بی آئی ایس پی کی جانب سے ڈبلیو ایچ او پر کیے گئے اعتماد کو سراہتے ہیں۔ یہ اقدام سٹنٹنگ سے نمٹنے اور پاکستان بھر میں کمزور بچوں اور خاندانوں کو مدد فراہم کرنے  میں کارآمد ثابت ہو گا۔” سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے کہا،”یہ بی آئی ایس پی کے لیے ایک تاریخی  لمحہ ہے جو کہ ہمارے مستحقین کی فلاح و بہبود کو بڑھانے کی ہماری کوششوں میں ایک اہم قدم ہے۔ ہم یونیسیف اور ڈبلیو ایچ او کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اس تعاون کے ثمرات ان تک پہنچیں جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے” ۔معاہدوں پر بی آئی ایس پی کے سیکرٹری عامر علی احمد، یونیسیف کے مسٹر عبداللہ فادل اور ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر لوو ڈپینگ نے دستخط کئے۔