مظفر آباد:حزب المجاہدین کے سربراہ و متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین احمد نے بانی امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبد المنان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حریت پسند کشمیری عوام اور مجاہدین کشمیر ایک عظیم رہنما سے محروم ہوگئے۔
حزب کمانڈ کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں مرحوم رہنما کو پر نم آنکھوں سے اور شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ مرحوم نے گلگت بلتستان کی آزادی میں براہ راست ایک عسکری رہنما کی حیثیت سے کردار ادا کیا۔خود محاذ جنگ پر ایک سپاہی کی طرح لڑے اور مجاہدین کی رہنمائی بھی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سید مودودی کی تحریک سے متاثر ہوئے اور گلگت بلتستان میں جماعت اسلامی کی داغ بیل ڈالی اور اس کا بانی امیر بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔فریضہ اقامت دین اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے علمی و نظریاتی محاز پر آخری سانس تک کام کرتے رہے۔کئی کتابوں کے مصنف تھے۔عالم باعمل ہونے کے ساتھ ساتھ روحانی طور پر بھی ایک اعلی شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔
سید صلاح الدین احمد نے نے کہا کہ ان کی جدائی سے کافی صدمہ پہنچا۔ان کے انتقال پر ملال سے ایک خلا پیدا ہوا جسے پر کرنا انتہائی مشکل ہے تاہم یہ بھی ایک عیاں حقیقت ہے کہ یہ دنیا ایک عارضی ٹھکانہ ہے،اور ہر متنفس کو یہ عارضی ٹھکانہ چھوڑکر دائمی دنیا کی طرف جانا ہے۔اجلاس میں مرحوم کی بلندی درجات اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جو راہ مرحوم مولانا عبد المنان نے اختیار کی تھی اسی راہ پر چل کر آزادی کشمیر کی تحریک اور غلبہ اسلام کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائیگی