سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے پر25 ستمبر کو راجوری، پونچھ، سری نگر، بڈگام اور گاندربل اضلاع میں 26 نشستوں کے لئے پولنگ ہوگی ۔ نام نہاد انتخابات کے ڈرامے کی کامیابی کے لیے مقبوضہ کشمیر کے راجوری، پونچھ، سری نگر، بڈگام اور گاندربل اضلاع میں اضافی فورسز نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ سیکوروٹی کے نام پر شہریوں پر سخت پابندیاں عائد ہیں تیسرے مرحلے کے انتخابات یکم اکتوبر کو ہوں گے، جب کہ ووٹوں کی گنتی آٹھ اکتوبر کو ہوگی۔
ادھر دی لبریٹرز فرنٹ(ٹی ایل ایف نے ایک بیان میں کہاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرایک متنازعہ علاقہ ہے یہاں بھارتی آئین کے تحت انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں، کشمیری یو این قراردادوں کے تحت اپنا حق خود ارادیت چاہتے ہیں ،انہیں ایسے الیکشن سے کوئی لینا دنیا نہیں ۔ٹی ایل ایف نے واضح کیا ہے کہ نام نہاد اسمبلی انتخابات کشمیر میں رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہوسکتے اور کشمیری ایسے الیکشن مسترد کرتے ہیں ، شہدائے کشمیر کے خون سے غداری کرنے والوں کو عبرت ناک سزا دی جائے گی ، کشمیری عوام ایسے نام نہاد انتخابات میں شرکت کرنے والے مفاد پرست عناصر کے خوشنما نعروں کے بہکاوے میں نہ آئیں بلکہ الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کرکے مفاد پرست ٹولے اور سیاسی اچھل کو د کرنے والوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔
شہدا کی قربانیوں پر کسی کو بھی سیاسی محل تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،لاکھوں کشمیریوں کے شہدا کا خون جلد رنگ لاکر کشمیری بھارتی غاصبانہ قبضے سے چھٹکارا حاصل کریں گے ۔