مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد الیکشن کا دوسرا مرحلہ،سرینگر سمیت مختلف علاقوں میں ٹی ایل ایف کے پوسٹرز چسپاں


سرینگر(صباح نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے دوسرے مرحلے کے موقع پر سرینگر سمیت مختلف علاقوں میں دی لبریٹرز فرنٹ(ٹی ایل ایف ) کے پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں جن میں کہا گیاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرایک متنازعہ علاقہ ہے یہاں بھارتی آئین کے تحت انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں

پوسٹرزمیں کہا گیاہے کہ کشمیری یو این قراردادوں کے تحت اپنا حق خود ارادیت چاہتے ہیں ،انہیں ایسے الیکشن سے کوئی لینا دنیا نہیں ۔

پوسٹر ز میں دی لبریٹرز فرنٹ ( ٹی ایل ایف) نے واضح کیا ہے کہ نام نہاد اسمبلی انتخابات کشمیر میں رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہوسکتے اور کشمیری ایسے الیکشن مسترد کرتے ہیں ،یہ بھی ان پوسٹرزمیں درج ہے کہ شہدائے کشمیر کے خون سے غداری کرنے والوں کو عبرت ناک سزا دی جائے گی

پوسٹرز میں کشمیری عوام پر زوردیا گیا ہے کہ وہ ایسے نام نہاد انتخابات میں شرکت کرنے والے مفاد پرست عناصر کے خوشنماء نعروں کے بہکاوے میں نہ آئیں بلکہ الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کرکے مفاد پرست ٹولے اور سیاسی اچھل کو د کرنے والوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں

کشمیر کے مختلف علاقوں میں نصب کئے گئے ٹی ایل ایف کے ان پوسٹرز میں یہ الفاظ واضح درج ہیں کہ شہداء کی قربانیوں پر کسی کو بھی سیاسی محل تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،لاکھوں کشمیریوں کے شہداء کا خون جلد رنگ لاکر کشمیری بھارتی غاصبانہ قبضے سے چھٹکارا حاصل کریں گے ۔

واضح رہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں نام نہاد اسمبلی کے لئے انتخابات کا دوسرا مرحلہ پچیس ستمبرکو ہوگاجس میں سرینگر اور بڈگام کے اضلاع سمیت 26 نشستوں کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔