میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق سری نگر میں اپنے گھر میں نظر بند

 سری نگر: میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق  مسلسل تیسرے جمعہ بھی گھر پر نظر بند رہے۔ جس کے سبب وہ مرکزی جامع مسجد سرینگر میں جمعہ کا خطبہ نہیں دے سکے۔ ایسے میں میرواعظ نے اپنے ایک بیان میں انہیں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکے جانے کی غیر اعلانیہ اور غیر قانونی نظر بندی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ میرواعظ نے کہا کہ یہ عجیب بات ہے کہ جب حکومت کے سربراہ نے میڈیا میں یہ دعوی کیا کہ وہ ایک آزاد آدمی ہیں تو انہیں پھر حراست میں کیوں رکھا گیا ہے؟ اور میری آزادانہ نقل و حرکت کے بنیادی حق کی خلاف ورزی کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی جارہی ہے جب کہ نظر بندی کے عمل کو نجی طور پر نافذ کیا جاتا ہے اور عوام میں اس کی تردید بھی کی جاتی ہے۔ یہاں تک کہ مجھ سے کئی اہم مہمانوں خاص طور پر میڈیا کو بھی ملنے کی اجازت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ نظر بندی سے مستقل رہائی کے لیے   عدالت سے رجوع کر رہے ہیں۔ میرواعظ نے کہا کہ جب جموں و کشمیر میں حالات معمول پر آنے اور رات دن امن کے دعوے مشتہر کیے جاتے ہیں تو حیرت ہوتی ہے کہ انہیں پھر گھر میں نظر بند کیوں رکھا جاتا ہے اور ادھر ادھر جانے کی اجازت کیوں نہیں دی جاتی۔انہوں نے کہا کہ بار بار گھر میں نظربندیاں میرواعظ کی حیثیت سے میری ذمہ داریاں اور ملی و سماجی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں اور ایک عوامی شخصیت ہونے کے ناطے مجھے لوگوں سے سماجی سطح پر ان کی خوشیوں اور غموں میں شریک ہونے بھی روکا جاتا ہے جو حد درجہ افسوسناک ہے۔