سری نگر ، مظفر آباد : نئی دہلی تہاڑ جیل میں قید کشمیری خاتون رہنما دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی بہن بازیغہ اندرابی کا انتقال ہو گیا ہے ۔ چند روز قبل بازیغہ اندرابی برین ہیمریج کا شکار ہوئی تھیں اس دوران ان کے دل نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا جمعرات کو وہ اللہ کو پیاری ہوگئیں۔ حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین احمد نے بازیغہ اندرابی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کوتے ہوئے کہا ہے کہ ۔مرحومہ بازیغہ، آسیہ اندرابی اور ان کے شوہر ڈاکٹر قاسم فکتو کی جیل میں حالت زار سن کر دل و دماغ پر قابو نہ رکھ سکی۔ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین احمد نے متحدہ جہاد کونسل کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں سیدہ آسیہ اندرابی پچھلے 6سال سے تہاڑ جیل میں مقید ہیں وہیں ان کے شوہر ڈاکٹر محمد قاسم فکتو تین دہائیوں سے جرم بے گناہی کی سز ا کاٹ رہے ہیں۔سیدہ آسیہ اندرابی کی طبیعت انتہائی ناساز ہے۔وہ کئی امراض میں مبتلا ہیں۔ڈاکٹر قاسم فکتو کے حوالے سے یہ اطلاع ملی ہے کہ انہیں ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے اور انتظامیہ نے باقاعدہ جیل میں یہ تشہیر کی ہے کہ اسے اس سیل میں مرنے کیلئے رکھا گیا ہے۔بازیغہ اندرابی مرحومہ تک ایک ہفتہ پہلے یہ صورتحال پہنچی تو انہیں اسی وقت برین ہیمریج کا حملہ ہوا۔دل نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا اور کل بروز جمعرات 19ستمبر کو وہ اللہ کو پیاری ہوگئیں۔
سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ سیدہ آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین اور دیگر خواتین رہنما اور ڈاکٹر فکتو اور دیگر تحریکی رہنما و کارکناں بھارتی جیلوں اور تعذیب خانوں میں جس طرح کی زندگی گذاررہے ہیں وہ ناقابل بیان ہے لیکن غلبہ اسلام اور آزادی کشمیر کیلئے وہ کسی بھی صورت قابض قوتوں کے ساتھ کمپرومائز کرنے کیلئے تیار نہیں۔ان کی قربانیاں انمٹ ہیں اور تاریخ میں ان قربانیوں کو سنہری حروف سے لکھا جائیگا۔
امیر حزب نے کہا کہ ان لوگوں کو سوچنا چائیے جو محض چند حقیر مفادات کی خاطر نہ صرف اپنے آپ کو بلکہ اس پوری تحریک کو بیچ کر دنیا کی فانی زندگی کو دائمی زندگی پر ترجیح دے رہے ہیں۔چیر مین جہاد کونسل نے سیدہ آسیہ اندرابی اور دیگر محبوس مرد و خواتین رہنماوں کو سلام عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں ضائع نہیں ہونگی۔ضائع وہ ہونگے جو ان قربانیوں کو ضائع کرنے کی ناکام کوششیں کریں گے۔اجلاس میں مرحومہ بازیغہ اندرابی کی جنت نشینی اور پسماندگان کیلئے خصوصی دعا کی گئی اور اس عزم و یقین کا اظہار کیا گیا کہ جدوجہد آزادی پوری قوت سے حصول منزل تک ہر محاذ پر جاری رہے گی۔