جموں وکشمیر میں بھارتی فوجی انسانیت کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہیں شبیر احمد شاہ


 سری نگر— نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک بیان کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ، کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے اور اب نام نہاد انتخابات کا ڈھونگ رچا کر عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے۔

شبیر احمد شاہ نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں نسل کشی، آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششوں اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈے کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، بھارتی فوجی انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کر رہے ہیں۔انہوںنے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارتی ہتھکنڈوں اور غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لے اور جموں وکشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے اس پر دبا ڈالے۔