پنجاب کے لوگ عقلمند ہیں، میں نہیں سمجھتی کہ بانی پی ٹی آئی پنجاب میں مقبول ہیں، عظمیٰ بخاری


لاہور(صباح نیوز)وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے لوگ عقلمند ہیں، پرفارمنس پر توجہ دیتے ہیں، میں نہیں سمجھتی کہ بانی پی ٹی آئی پنجاب میں مقبول ہیں، صوبے کے وزیراعلیٰ کو دوسرے صوبے پر یلغار کرنے کا مینڈیٹ نہیں ملا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اسلام آباد کے جلسے میں صرف خیبرپختونخوا کے لوگ آئے، یہ لوگ ملک کو توڑنے کی بات کرتے ہیں، اداروں کو دھمکیاں دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے پی میں 6 ماہ سے صرف جلسے جلوس ہو رہے ہیں، خیبرپختونخوا ہزار ارب روپے کا مقروض ہے، مقبولیت تو سائفر پر تھی، جھوٹے بیانیے بنا کر یہ کب تک عوام کو بیوقوف بنا سکتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ عجیب و غریب لوگ ہیں، ان میں کوئی تہذیب نہیں، سلمان اکرم راجہ پڑھے لکھے ہیں لیکن ان کا لہجہ بھی ویسا ہی ہے، کوئی شخص بانی پی ٹی آئی یا علی امین کی طرح نہ بولے تو وہ پی ٹی آئی میں نہیں رہ سکتا۔ انہوںنے کہا کہ ملک میں مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا گیا ، ایک صوبے کے وزیرِاعلیٰ کو اسی صوبے کی خدمت کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے، ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو دوسرے صوبے پر یلغار کرنے کا مینڈیٹ نہیں ملا۔