بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام سالانہ محفل میلاد کا انعقاد

 اسلام آباد(صباح نیوز) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں  رسول کریم حضرت محمد ۖ کی ولادت مبارک کے حوالے سے سالانہ محفل میلاد  کا انعقاد کیا گیا۔جس میں بی آئی ایس پی  ملازمین  اور مہمان نعت خوانوں نے حضور ۖ کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔اس موقعہ پر چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام،سینیٹر روبینہ خالد نے بھی اس بابرکت محفل میں شرکت کی۔

تقریب میں مقررین نے  نبی کریم ۖ کی حیات طیبہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالی ۔  آپۖ کی زندگی اللہ تعالی کی اطاعت، عدل و انصاف اور انسانوں کی جانب شفقت و محبت کی مجسم تصویر ہے۔ اللہ تعالی کی وحدانیت، سماجی انصاف، حقوق العباد، صنفی مساوات اور پسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ہدایات اسلام کے پیغام کی جامعیت اور عالمگیریت کی آئینہ دار ہیں۔  تقریب کے اختتام  چیئرپرسن  روبینہ خالد نے ملازمین  کے ہمراہ پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لیے دعا بھی کی اور کہا کہ  رسول اللہ ۖ کی سیرتِ طیبہ میں ہمیں نہ صرف ایمان و عبادات بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق ایک کامل نمونہ ملتا ہے۔ آپ ۖ  کی تعلیمات دور حاضر سمیت رہتی دنیا تک درپیش بے شمار مسائل کا حل پیش کرتی ہیں۔۔