لندن (صباح نیوز)ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے سربراہ مزمل ایوب ٹھاکر نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں ہے، جموں وکشمیر میں کوئی بھی انتخابی عمل اقوام متحدہ کی قراردادوں کا نعم البدل نہیں
۔ ترکیہ ٹی وی ٹی آر ٹی کو انٹرویو دیتے ہوئے مزمل ایوب ٹھاکر نے کہا کہ بھارت کی بی جے پی حکومت لاکھوں بھارتی فوجیوں کے سائے میں یہ انتخابات کرانا چاہتی ہے ، کشمیریوں کو ان انتخابات سے کوئی دلچسپی نہیں ۔ بی جے پی کوشش کر رہی ہے کہ کشمیر میں ایک ایسی اسمبلی بنے جس میں کسی مقامی پارٹی پی ڈی پی،نیشنل کانفرنس وغیر ہ کے پاس واضح اکثریت نہ ہو تاکہ بی جے پی کو کام کرنے کا موقع ملے ۔
بھارتی حکومت جموں وکشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر رہی ہے جموں وکشمیر کا مسلم اکثریتی کردار ختم کرنے کی کوشش ہورہی ہے ، انہوں نے بتایا کہ پوری حریت پسند کشمیری قیادت کو بھارت نے قید کر رکھا ہے آسیہ اندرابی ، مسرت عالم بت ، شبیر شاہ ، یاسین ملک سمیت بڑی تعداد میں کشمیر ی بھارتی جیلوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیل سے رہا ہونے والے انجنئر رشید بی جے پی کی بی ٹیم کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر بھارتی حکومت نے بے بنیاد مقدمات قائم کررکھے ہیں میرے حق سفر پر پابندی ہے جموں وکشمیر میں میرے خاندان کو مشکلات کا سامنا ہے میرے چچا کو شہید کیا گیا ہے۔