باغ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے کہ ہندوستان کی قابض فوج کی سنگینوں کے سائے تلے مقبوضہ کشمیرمیں ڈھونگ انتخابات نہ کشمیری تسلیم کرتے ہیں اور نہ ہی عالمی برادری مانتی ہے،ہندوستان ڈھونگ انتخابات کا ڈرامہ رچا کرعالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام سازش کرتاہے،ہندوستان کے اس ڈرامے کو بھی کشمیری بری طرح بے نقا ب کرتے ہی چند کشمیری جو ووٹ ڈالتے بھی ہیں وہ ہندوستان کے خلاف ڈالتے ہیں، ہندوستان کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ہوگا،ریاست کی سارے اکائیوں کے عوام رائے شماری کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریںگے۔
ان خیالات کا اظہارانھوں نے اپنے دورے باغ کے دوران میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہاکہ کشمیری اپنے بنیادی اور پیدائشی حق کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اپنے حق مزاحمت کا استعمال کررہے ہی، کشمیریوں کو ہندوستان کے فوجی قبضے کے خلاف مسلح مزاحمت کا حق اقوام متحدہ کا چارٹر اور اسلامتی کونسل کی قراردادیں فراہم کرتی ہیں،نریندرمودی ظلم کی انتہا کررہاہے اور عالمی برادری خاموش تماشہ دیکھ رہی ہے اگر دنیا نے ہندوستان کو مجبور نہ کیاکہ وہ کشمیریوں کو اپنے عہد کے مطابق حق فراہم کرے تو لاکھوں کشمیری آزاد کشمیراور مہاجرین مقیم پاکستان سے سیز فائر لائن کو پاؤں تلے روند کر اپنے بھائیوں کی مدد کرنے پر مجبور ہوںگے،کشمیریوں کے صبر کے پیمانے لبریز ہوچکے ہیں، ہندوستان ہوش کے ناخن لے اوراپنے عہد کے مطابق کشمیریوں کو حق دے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرکے وہ کشمیرپر قبضہ قائم نہیں رکھ سکتا۔