لبنان میں حملے قابل مذمت ،عالمی قوانین کی خلاف ورزی پراسرائیل سے جواب طلب کرنا چاہیے،ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد (صباح نیوز)دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان نے لبنان میں ہونے والے حملوں کی مذمت کی ہے، عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیل سے جواب طلب کرنا چاہیے،  وزیر اعظم 23 ستمبر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کیلئے روانہ ہوں گے،وہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرینگے ،مقبوضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد انتخابات ناقابل قبول ہیں، پاکستان اپنے کشمیری بہنوں بھائیوں کی اس کے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا ،غزہ میں اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق سیزفائر ہونا چاہیے ۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان لبنان میں الیکٹرانک آلات کے ذریعے دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے ، پاکستان لبنان کی سلامتی اور خودمختاری کی حمایت کرتا ہے ،اسرائیل کی مہم جوئی علاقائی امن کے لئے خطرہ ہے۔ ۔انہوں نے کہا کہ  روس کے نائب وزیراعظم پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، گزشتہ روز روس کے نائب وزیراعظم اور اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں کی جانب سے پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، صنعت کے میدان کو مزید فروغ دینے پرتبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعلیم ، ثقافت اور دیگر شعبوں پر بھی بات چیت ہوئی، گزشتہ روز کی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان بیلاروس جیسے دیگر معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی جانب سے غزہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ امریکا کے انڈر سیکرٹری جان باس نے گزشتہ ہفتے پاکستان کا دورہ کیا، اپنے دورے کے دوران انڈر سیکرٹری نے مختلف رہنماؤں سے ملاقات کی، اس دورے کے دوران جان باس نے دہشتگردی اور سکیورٹی کے امور پر بھی بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، غزہ میں اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق سیزفائر ہونا چاہیے۔کشمیر کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کی بھی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کی عالمی دنیا کی نظر میں کوئی حیثیت نہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق استصواب رائے کا کوئی متبادل نہیں ہے، ہزاروں کشمیر حراست و قید میں ہیں،  مقبوضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد انتخابات ناقابل قبول ہیں ،پاکستان اپنے کشمیری بہنوں بھائیوں کی اس کے حق خودارادیت کے  لئے  جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم 23 ستمبر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے لئے روانہ ہوں گے، وہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، ان کی اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔