اسلام آباد (صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سینیئر سیاستدان سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے ملاقات کی۔ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر منگل اور بدھ کی درمیانی رات، دیر گئے تک ملاقات جاری رہی۔ ملاقات میں سیاسی امور اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ ذرائع کے مطابق محمد علی درانی نے اپنے سیاسی رابطوں سے متعلق مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا ۔
مولانا فضل الرحمان نے محمد علی درانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی اپوزیشن کاحصہ ہے اور رہے گی،حکومت آئین، جمہوریت سے متصادم قانون سازی میں اپوزیشن کی کسی جماعت کی حمایت نہیں لے سکے گی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومتی وجود اور اس کے اقدامات عوام کے مفادات سے متصادم ہیں،ایسی حکومت کے ساتھ جانے کا مطلب عوام کے غیض و غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے،
ہمیں صرف وہ اختیار چاہیے جو عوام نے دیا ہو،عوام کا دیا اقتدار چاہیے لیکن آئندہ کسی کو مینڈیٹ چوری نہیں کرنے دیں گے۔محمد علی درانی نے مولانا فضل الرحمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ تاریخ کی درست سمت میں کھڑے ہیں، آپ ہمیشہ سیاسی روایات اور جمہوری اقدار کے امین رہے ہیں۔