عمر ایوب اور اسد عمر سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 8 اکتوبر تک توسیع


لاہور(صباح نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب اور اسد عمر سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

اے ٹی سی لاہور کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے 9 مئی تھانہ شادمان جلا گھیرا کے مقدمے میں عمر ایوب اور اسد عمر سمیت دیگر کی عبوری ضمانت پر سماعت کی۔
دوران سماعت عمر ایوب اور اسد عمر کی حاضری معافی کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
وکلا نے درخواست میں موقف اپنایا کہ اسد عمر بیماری کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے جبکہ عمر ایوب کے اسلام آباد میں دیگر کیسز کی سماعت ہے۔عدالت نے عمر ایوب سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 8 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے قصور میں درج مقدمات میں 96 ملزمان کی عبوری ضمانتیں کنفرم کرنے کا حکم دے دیا، اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے ضمانتوں پر سماعت کی۔

یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ الہ آباد، تھانہ اے ڈویژن قصور اور تھانہ کھڈیاں قصور میں مقدمات درج ہیں۔