کراچی(صبا ح نیوز)الخدمت نے مدارس کے اساتذہ کو بھی بنو قابل فری آئی ٹی کورسز کروانے کا اعلان کر دیا ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا ہے بنو قابل پروگرام کے تحت مدارس کے اساتذہ کو بھی آئی ٹی ٹریننگ دی جائے گی تاکہ یہ اساتذہ اپنی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ نئی نسل کو بھی قابل بنا سکیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت مدارس کے اساتذہ کی سہ ماہی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی نشست سے جمعیت اتحاد العلماکراچی کے ناظم اعلی مولانا عبدالوحید،قائم مقام ڈائریکٹر الخدمت مدارس عنایت اللہ اسماعیل اور کورنگی ٹاؤن سے یونین کونسل کے چیئرمین مولانا قاری منصور احمد نے بھی خطاب کیا ۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی نے کہاکہ مدارس میں پڑھانے والے اساتذہ صرف پڑھانہیں رہے بلکہ ایک فریضہ ادا کررہے ہیں ، یہ ملازمت سے بڑھ کر نبیوں والا فریضہ ہے۔ ہم کوشش کریں گے کہ مدارس کے معلمین ومعلمات کو بھی وہ سہولتیں فراہم کریں جو ہم اپنے دیگر شعبوں کے ملازمین کو فراہم کررہے ہیں ۔ اساتذہ کے لیے اسکل ڈیویلپمنٹ کے پروگرام شروع کیا جائے گا تاکہ ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کیاجاسکے ۔
انہوں نے کہامدارس کے اساتذہ بچوں کی نفسیات کے مطابق ان سے برتاو کریں اور اپنے رویوں سے بچوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں ۔ سہ ماہی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت اتحاد العماکراچی کے ناظم اعلی مولانا عبدالوحید نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ہمارے ایمان کی بنیاد ہے۔ا نہوں نے مدارس کے اساتذہ سے کہا کہ وہ اس حوالے اپنے مدارس کے بچوں کو تیار کریں اور انہیں قرآنی تعلیمات کی روشنی میں عقیدہ ختم نبوت سمجھائیں۔اس موقع پر مدارس کے بچوں نے کے نعتوں کے زریعے حضور کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کیے