خان یونس میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 40 افراد شہید 60 زخمی ہوگئے


 غزہ (صباح نیوز)جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں  پناہ گزینوں کے المواسی کیمپ پر ایک اسرائیلی حملے میں 40 افراد شہید اور 60 زخمی ہوگئے ہیں۔

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے اہلکار محمد المغیر نے بتایا ہے کہ  علاقے سے60 زخمیوں کو نکا ل کر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ مواسی، خان یونس میں بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ہمارا عملہ اب بھی 15 لاپتہ افراد کو نکالنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ خان یونس شہر کے مغرب میں واقع المواسی  میں بےگھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بڑے بڑے گڑھے بن گئے۔

حماس کی سول ڈیفنس اتھارٹی کے آپریشنز ڈائریکٹر نے  بتایا کہ حملے میں 40 فلسطینی شہید اور 60 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ متعدد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔عینی شاہدین نے بی بی سی کو بتایا کہ آدھی رات کے فورا بعد المواسی کے علاقے میں بڑے دھماکے ہوئے اور آسمان پر شعلوں کے شعلے اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

حملے کے مقام کے قریب رہنے والے ایک خیراتی ادارے کے رضاکار خالد محمود نے کہا کہ وہ اور دیگر رضاکار مدد کے لیے پہنچے لیکن وہ تباہی کی شدت کو دیکھ کر دنگ رہ گئے۔محمود نے کہا کہ حملوں سے سات میٹر گہرے تین گڑھے بن گئے جس کے نتیچے 20 سے زیادہ خیمے دب گئے۔