اسلام آباد (صباح نیوز) پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کنٹینرز ہٹا دیئے۔ شاہ اللہ دتہ کے مقام پر پی ٹی آئی کارکنوں نے کنٹینرز ہٹا دیئے، گاڑیوں کی ٹکر سے کنٹینرز سڑک سے نیچے گرا دیئے، کنٹینرز سڑک سے ہٹا کر مارگلہ ایوینیو کھول دیا گیا، مارگلہ ایوینیو سے ٹریفک سنگجانی کی جانب رواں دواں ہوگئی تھی سنگجانی پولیس کی جانب سے 9 ستمبر تک سنگجانی میں ہوٹل، گیسٹ ہاوس اور ریسٹورنٹ بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، کہ اس دوران کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کسی قسم کا سامان نہیں دیا جائے گا۔
تحریک انصاف جلسہ گاہ کے اطراف ہوٹل اور دکانیں بند کرنے کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کوئی اور سہولت فراہم نہ کی جائے۔تھانہ سنگجانی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق یہ بھی کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔علاوہ ازیں اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے پیشِ نظر میٹرو بس سروس مکمل بند کر دی گئی، انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس راولپنڈی صدر سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک بند کی گئی ہے۔پی ٹی آئی کے سیاسی پاور شو کے پیش نظر جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی سست ہوگئی، انٹرنیٹ سروس کی سست روی کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔