پی ٹی آئی جلسہ عام میں سوشل وڈیجیٹل میڈیا کو خراج تحسین،گونج دارتالیاں

اسلام آباد (صباح نیوز)پی ٹی آئی جلسہ عام میں سوشل وڈیجیٹل میڈیا کو خراج تحسین پیش کیا گیا ،شرکاء جلسہ کی گونج دارتالیاں بج گئیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نواح میںسنگجانی میں پاکستان تحریک انصاف نے بھرپورسیاسی قوت کا مظاہرہ کیا۔ حکومت کی طرف سے عوامی مشکلات کا احساس کئے بغیر اسلام آباد آنے والے راستوں  کو 20مقامات پر بند کردیا  گیا شہراقتدار کنٹینرزکے شہر کا منظر پیش کررہا تھا جڑواں شہر کی بھی یہی صورتحال تھی کئی کلومیٹر دور جلسہ کے باوجود راولپنڈی اسلام آباد کے تمام راستیکنٹینرزکے ذریعے بندکردیئے گئے تھے  ۔ اسلام آباد میں  پی ٹی آئی نے سیاسی پنڈال  پارٹی پرچموں ، عمران خان کی تصاویر بینرز سے سجادیا تھا۔ پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے ۔

انھوں نے اعلان کیا کہ اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے سوشل وڈیجیٹل میڈیا کو خراج تحسین پیش  کرتے ہیں  ان کے اعلان پر سوشل وڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ افرادکے لئے جلسہ گاہ تالیوں سے گونج اٹھا انھوں نے جلسہ کے حوالے سے بھی سوشل میڈیا ٹیموں کی تعریف کی ۔جلسہ کے لئے جگہ جگہ رکاؤٹوں پر شہریوں کو بھی شدیددشواریوں کا سامناکرنا پڑا ۔ تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات  شوکت بسرا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی ساری سیاست 9 مئی کے بیانیے پر قائم ہے، ٹک ٹاکرز مریم صفدر نے اسلام آباد کو کنٹینرستان بنا کے رکھ دیا ہے اور کنٹینر لگا کر راستے بند کرنے سے ان کے کرتوت عوام کے سامنے بے نقاب ہوگئے ہیں۔

ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ  چیخیں مت یہ  تو خود خیرات کی سیٹوں پر وزیر بنی ہیں، آپ کو معلوم ہے کہ نواز شریف ڈاکٹر یاسمین راشد سے ہارے ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ(ن) کی تمام تر رکاوٹوں کے باوجود تاریخی جلسہ ہوا، جعلی اور بزدل حکمرانوں سن لو، روک سکو تو روک لو،جلسہ آپ کی آنکھیں کھول دینے کے لئے کافی ہے۔ پی ٹی آئی تو پھر جلسے کرتی ہے لیکن مسلم لیگ(ن) تو اب جلسی کرنے کے قابل بھی نہیں رہی جبکہ عمران خان نے کوئی این آر او نہیں مانگا اور وہ بہادری سے جیل میں آپ کے ظلم و جبر کا مقابلہ کررہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک آپ عمران خان کا نام نہ لے لیں، آپ کا تو کھانا ہضم نہیں ہوتا، نیب قانون میں ترمیم کر کے شریف اور زرداری فیملی کو این آر او ٹو دیا گیا ہے۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے  حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  اسلام آباد میں کنٹینرز کا جلسہ ہو رہا ہے، ملک کی بڑی شاہراہوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے  بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے قابلوں کو جگہ جگہ روکا گیا سندھ سے آنیوالے قافلوں کو ٹول پلازوں پر روکا گیا، مری سے اسلام آباد آنے والے راستوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے، صبح سے خبر چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ہی مطالبہ ہے ہمارا مینڈیٹ واپس کرو، یہ 8 فروری کو شکست کھائے ہوئے ہیں، ان کو اقتدار کی کرسی پر بٹھایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان کو کامیابی کی پیشگی مبارکباد دیتا ہوں، جو پیغام دینا چاہتے تھے وہ حکومت تک پہنچ گیا، ان کے ذہنوں میں وحشت پیدا ہوچکی ہے، یہ ہماری کامیابی کی نوید ہے، ہم ڈرامے نہیں کر رہے، جمہوری طریقے سے اپنا آئینی حق استعمال کر رہے ہیں، جمہوری اختلافات نفرت میں تبدیل آپ کی حرکتوں کی وجہ سے ہوئے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ اپنے چند دنوں کے اقتدار کیلئے قوم کی بنیادوں کو مت ہلا، یہ عمارت گر گئی تو تم بھی نیچے آ جا ؤگے، آپ کا لیڈر تو لندن بھاگ جائے گا لیکن تمہارے کارکن ہمارے ساتھ ہی لپیٹ میں آئیں گے، 8 فروری کے نتائج کو چیف الیکشن کمشنر نے تبدیل کیا، ہمارا مطالبہ ہے چیف الیکشن کمشنر کا احتساب کیا جائے۔

صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمان کو غیر پارلیمانی اور آئین کو غیر آئینی طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے، ہم چیف جسٹس کی توسیع کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، اگر توسیع ایک گھنٹے کیلئے بھی کی گئی تو ہم سڑکوں پر ہوں گے، تم سے سپریم کورٹ کنٹرول نہیں ہوگی وہ آزاد ادارہ ہے، آئین اور جمہوریت کو بدنام نہ کریں۔ ۔

پی ٹی آئی  کے سنگجانی کے مقام پر  ہونے والے جلسہ عام میں دفاع وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے  وقفہ وقفہ سے ملی نغے پیش کیے جاتے رہے۔ساتھیو ، مجاھدو ! جاگ اٹھا ہے سارا وطن نغمہ کی اسپیکرزپر گونج سنائی دی تو شرکاء جلسہ جھوم اٹھے ۔پرجوش اندازمیں مختلف نعرے لگائے گئے۔