جسٹس شوکت صدیقی بحالی کیس کی جلد سماعت کے لئے ایک بار پھر درخواست


اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی نے اپنی بحالی کیلئے دائر آئینی پٹیشن کی جلد سماعت کے لئے ایک بار پھر درخواست دائر کردی ،

ایڈووکیٹ آن ریکارڈ سید رفاقت حسین کے توسط سے دائردرخواست میں شوکت عزیزصدیقی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے کیس کی گزشتہ سماعت سات دسمبر2021 کو کی تھی،اس سماعت کے حکم نامے میں سپریم کورٹ نے کہا تھا کیس کی ایک ہفتے بعد سماعت ہوگی لیکن کیس سماعت کیلئے مقرر نہیں کیا گیا،

شوکت عزیزصدیقی نے کہا ہے کہ یہ کیس عدلیہ کی خودمختاری،قانون کی حکمرانی سے جڑا ہوا ہے، اوریہ مقدمہ سال دو ہزار اٹھارہ سے زیر التوا ہے،انہوں نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ دس فروری کو کیس سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔