تحریک نفاذ اردو پاکستان کاملک بھر میں نفاذ اردو کیلئے عوامی ریفرنڈم کروانے کا اعلان


اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک نفاذ اردو پاکستان نے قومی زبان اردو کے نفاذ کے لیے ملک بھر میں عوامی ریفرنڈم کروانے کا اعلان کردیا۔

تحریک کے مرکزی صدر عطا الرحمن چوہان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سال ہا سال سے حکمرانوں سے اپیلیں کرتے آئے ہیں اور عدالتوں کے دروازے بھی  کھٹکھٹائے ہیں لیکن کہیں سے کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ قومی زبان کی مخالفت میں حکمران ، نوکرشاہی اور اعلیٰ عدلیہ نے خاموش اتحاد کر رکھا ہے۔ یہ انگلش شاہی ملک میں دستور شکنی اور توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں لیکن عدالتیں قومی زبان کے مقدمے کو سننے پر تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مجبور ہو کر عوام سے رجوع کررہے ہیں، اب ملک کے کونے کونے میں عوامی ریفرنڈم کروا کر پالیسی سازوں کو نفاذ قومی زبان پر مجبور کریں گے۔

عطا الرحمن چوہان نے کہا کہ عوام کی آواز کو دبانا ممکن نہیں،حکمران اگر اس پر آمادہ نہ ہوئے تو یہی جرم آکو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے کافی ہوگا۔ انہوں نے صحافیوں، تاجروں ،طلبہ تنظیموں اور مزدور یونینوں سے عوامی ریفرنڈم میں تعاون کی اپیل بھی کی۔