وزیرداخلہ محسن نقوی کی شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی والدہ، بھائیوں سے ملاقات

لاہور(صباح نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی رہائش گاہ گئے   اور شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی والدہ اور بھائیوں سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیرداخلہ نے شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی والدہ اور بھائیوں عبدالحنان، عبدالمتین  سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی لازوال قربانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔  وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر جان نچھاور کی، شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی والدہ اور بھائیوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی بلند حوصلہ والدہ کو دیکھ کر ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہدائے وطن قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔  شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید کی والدہ نے کہا کہ میرا بیٹا اللہ تعالی کی امانت تھا اور اللہ کی رضا پر ہم راضی ہیں، شہید بیٹے عبدالمعید کی کمی محسوس ہوتی ہے ۔  اللہ تعالی خالق و مالک ہے اور میرا بہادر بیٹا اللہ کی حفاظت میں چلا گیا ہے۔ شہید عبدالمعید کی والدہ نے کہا کہ میرے بیٹے نے شہادت کا بلند رتبہ پایا اور اللہ تعالی نے اسے بہت عزت دی۔ واضح رہے کہ شہید لیفٹیننٹ عبدالمعید نے  دسمبر 2017 میں شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کیا۔