اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹ میں اجلاس کی کاروائی کے دوران تحریک انصاف کے رہنما اور قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے خاص طور پر “پرامن اجتماع اور امن عامہ” کے قانون کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے اس قانون کا بل سینیٹ میں لانے والے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
عرفان صدیقی نے ذاتی وضاحت کے لیے بات کرنے کی کوشش کی لیکن اجلاس کی صدارت کرنے والے سینیٹر منظور کاکڑ نے فلور پی ٹی آئی کے ارکان کو دے دیا۔ جب عرفان صدیقی کو مائیک دیا گیا تو فوراً ہی پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کورم کی نشاندہی کر دی جس پر عرفان صدیقی بولے “گھنٹوں بولتے رہے رہتے ہو تو سننے کا حوصلہ بھی پیدا کرو۔ کیا یہی ہے وہ ‘رائے کی آزادی’ جس کا ہر وقت وعظ کرتے رہتے ہو۔” گنتی کرانے پر کورم پورا نہ نکلا جس پر صدر نشین نے اجلاس پیر شام پانچ بجے تک ملتوی کر دیا۔ پی ٹی آئی ارکان جب ہاس سے باہر جا رہے تھے تو عرفان صدیقی نے کہا “مبارک ہو۔”