مسلح افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (صباح نیوز)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ 6ستمبر افواج پاکستان کی قومی جرات و بہادری کا دن ہے۔ دشمن ملک کی افواج نے 6 ستمبر کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آدھی رات کو مملکت پاکستان پر حملہ کر دیا تھا۔افواج پاکستان اور بہادر عوام نے ملک کے تحفظ و آزادی کے لئے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر بھارتی افواج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دشمن ملک کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

یوم دفاع پاکستان کا منایا جانا دراصل دشمن قوتوں کیلئے اس پیغام کا اعادہ ہے کہ افواج پاکستان اور قوم نے1965 اور 1971 کی جنگ اور ملک میں دہشت گردی کے خلاف جس عزم اور جرات کا مظاہرہ کیا آئندہ بھی اپنے مادرِوطن کی حفاظت کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔ہم سب مل کر قومی مسائل کا مقابلہ بانی پاکستان محمد علی جناح کے رہنما اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر کاربند رہ کر سر انجام دیں گے۔آئیے مل کر محنت اور لگن سے ملک کی ترقی وخوشحالی میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

موجودہ حکومت پاکستان کے دفاع کو نا قابل تسخیر بنانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے حکومت کی پالیسیوں کی بدولت ملک کے حالات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آرہی ہے وہ وقت دور نہیں جب وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اورسابق وزیر ا عظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو درپیش چیلینجوں اور مسائل کو حل کر لیا جائے گا ۔وزیر اعظم پاکستان کی کوشش ہے کہ پاکستان کو جلد از جلد ترقی کی راہ کی جانب گامزن کیا سکے۔ ملک کے معاشی حالات کی بہتری کیلئے وزیر اعظم پاکستان متعدد اقدامات اٹھا رہے ہیں جن کی بدولت جلد ہی ملک و قوم کی حالات میں بہتری دیکھنے میں نظر آئے گی ۔