لاہو ر(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے بنگلہ دیش کی صورت حال پر جماعت اسلامی لاہور کے ذمہ داران اور کارکنان کے ساتھ منصورہ میں نشست کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی تبدیلی غیر معمولی ہے، کسی کو اندازہ نہ تھا کہ حالات ایسا رخ اختیار کریں گے، حسینہ واجد اور عوامی لیگ کی حکومت نے بظاہر ملک پر اقتدار کی گرفت مضبوط کر رکھی تھی، سول ملٹری بیوروکریسی اور حکومت کے تمام کل پرزے ان کے کنٹرول میں تھے، معیشت بظاہر بہتری کی راہ پر گامزن تھی، مگر پندرہ برس سے بنگلہ دیش کے عوام اور خصوصی طور پر نوجوانوں میں بھارتی غلامی کے خلاف ایک لاوا پک رہا تھا، انھیں معلوم تھا کہ حسینہ واجد نے بنگلہ دیش کو ایک قسم کی بھارت کی کالونی بنا دیا تھا، یہ لاوا پھٹا اور حکومت کو بہا لے گیا۔
انھوں نے کہا کہ کوٹا سسٹم کے خلاف احتجاج تو بظاہر ایک بہانہ تھا، حقیقت عوام کی بھارتی تسلط کے خلاف نفرت تھی، احتجاج کے دوران بھارتی تسلط کی تمام نشانیاں مٹا دی گئیں حتی کہ مجیب الرحمن جس نے بنگلہ دیش کو سب سے پہلے بھارت کی کالونی بنایا کے پتلے بھی توڑ دیے گئے۔ انھوں نے کہا کہ اب عالمی اور بھارتی میڈیا سازشیں کر رہا ہے کہ کہیں بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی اور اسلام کا انقلاب نہ آ جائے اور یہ تبدیلی ماند پڑ جائے، مگر اللہ کی مدد و نصرت اور بنگلہ دیش کے عوام کا جذبہ حریت کامیاب ہو گا اور تبدیلی کا یہ پہیہ آگے کی جانب بڑھتا چلا جائے گا۔