توہین الیکشن کمیشن کیس، فواد چوہدری کیخلاف سماعت19ستمبر تک ملتوی


اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کیخلاف توہین چیف الیکشن کمشنر و الیکشن کمیشن کیس کی سماعت  19ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

الیکشن کمیشن میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چو ہدری کیخلاف توہین چیف الیکشن کمشنر و الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے کی۔فواد چوہدری اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے اور توہین الیکشن کمیشن میں اپنا جواب جمع کراتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی معافی مانگ لی تھی جیسے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور جاوید لطیف کو نظرانداز کیا ہمیں بھی کردیں، ہم بھی آپ کے اپنے ہیں، ہمارے لئے بھی دل بڑا کر دیں، میں کمیشن کی مرضی کے مطابق چلنا چاہتا ہوں۔

اس موقع پر ممبر سندھ نثار درانی نے استفسار کیا کہ آپ چاہتے ہیں آپ کے کئے کی سزا کسی اور کو ملے؟ جس پر فواد چوہدری نے کہا کہ میں معافی نامہ جمع کرا دوں گا، الیکشن کمیشن معاملے کو ختم کرے۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ معافی نامہ جمع کرائیں پھر دیکھتے ہیں، بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔