حکومتی نا اہلی و حکمران پارٹیوں کی مسائل سے عدم دلچسپی ،اہل کراچی مسائل کا شکار ہیں ،منعم ظفر خان

کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں و کے ایم سی کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اور حکمران پارٹیوں کی عوامی مسائل سے عدم دلچسپی کے باعث کراچی کے عوام پینے کے پانی ، سیوریج ، سڑکوں کی خستہ حالی ، بجلی و گیس اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کا شکار ہیں ۔ حب ڈیم بھرنے کے باوجود ضلع غربی اور کیماڑی کو پانی نہیں مل رہا ، شہر میں ٹینکر مافیا کا راج ہے ،منشیات کی خریدو فروخت بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور جرائم پیشہ عناصربھی وارداتوں میں مصروف ہیں ، حکومت و متعلقہ ادارے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کی منفی سرگرمیوں کی روک تھام میں ناکام ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع سائٹ غربی کے تحت ضلعی دفتر میں اجتماع کارکنان و استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع و استقبالیے سے امیر ضلع سائٹ غربی عبد الرزاق خان،، سیکریٹری ضلع نور الحق ، نائب امیر ضلع گل رحیم نے بھی خطاب کیا ۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو حقیقی طور پر عوام کی ترجمان بنی ہوئی ہے اور عوامی مسائل کو اُٹھا رہی ہے ، جماعت اسلامی کی ”حقوق کراچی تحریک ”اور ”حق دو عوام کو تحریک” جاری ہے اور یکم ستمبر سے ملک گیر ”عوامی رابطہ و ممبر شپ مہم” کا بھی آغاز ہو گیا ہے ، حافظ نعیم الرحمن نے پورے ملک کے عوام کو ایک مؤثر اور مکمل قومی ایجنڈا دیا ہے جس میں قومی سطح کے اہم ایشوز سمیت مقامی نوعیت کے مسائل کے حوالے سے بھی نکات موجود ہیں ، منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی کے عوام نے پہلے بلدیاتی انتخابات اور پھر عام انتخابات میں جماعت اسلامی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا لیکن جس طرح بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا ، ہماری جیتی ہوئی سیٹیں چھینی گئیں اور قبضہ میئر کو مسلط کیا گیا اسی طرح عام انتخابات میں بھی فارم 45کے بجائے جعلی فارم47کے ذریعے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو مسلط کر دیا گیا ،

منعم ظفر خان نے ”رابطہ عوام و ممبر شپ مہم” کے سلسلے میں کارکنوں و ذمہ داران کو ہدایت کی کہ مہم کو بھر پور اور مؤثر طریقے سے چلائیں،گلی ، محلوں ، چوک و چوراہوں اور شاہرائوں پر مہم کی پبلیسٹی کریں ، ہینڈ بلز تقسیم کریں ، بینرز اور پوسٹرز لگائیں اور ہر جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو شہر بھر میں ممبر شپ کیمپس لگائیں اور زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ممبر بنائیں ،اس کے لیے بنائی گئی موبائل ایپ بھی استعمال کریں،عبدالرزاق خان نے کہاہے کہ حالیہ بارشوں کے بعد پورے کراچی کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ،گٹر ابل رہے ہیں ، سیوریج کا نظام تباہ حال ہے ،جگہ جگہ منشیات فروخت ہو رہی ہیں ، حب ڈیم پانی سے بھر سے گیا لیکن سندھ حکومت کی نااہلی اور کرپشن کے باعث عوام کو پانی دستیاب نہیں اور پانی ٹینکروں کے ذریعے فروخت ہو رہا ہے ، بھاری بھاری بجلی کے بلوں نے عوام جینا دوبھر کردیا ہے ،اہل کراچی کے مسائل جماعت اسلامی ہی حل کرسکتی ہے ۔