سی ڈی اے مزدور یونین کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسد محمود دو ماہ کے مطالعاتی دورے پر جنوبی افریقہ روانہ


اسلام آباد( صباح نیوز)پاکستان ورکرز فیڈریشن اور سی ڈی اے مزدور یونین کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسد محمود گلوبل لیبر یونیورسٹی کی دعوت اور ایف ای ایس پاکستان آفس کے خصوصی تعاون سے منعقدہ پروگرام میں شرکت کے لیے دو ماہ کے مطالعاتی دورے پر جوہانسبرگ، جنوبی افریقہ روانہ ہو گئے

اس پروگرام میں دنیا بھر سے چھبیس سے زائد ممالک کے نمائندگان شرکت کریں گے، اس موقع پر اسد محمود پاکستان بھر کے مزدوروں کی نمائندگی کریں گے اور مطالعاتی دورے کے دوران مزدور تنظیموں کے عہدیداران،لیبر قوانین پر عملدرآمد کرنے والے اداروں، مزدور تحریک کے رہنماوں سمیت مختلف شعبہ جات کے نمائندگان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔