اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی چودھری احسان الحق باجوہ نے قادیانیوں کوآئینی طور پر غیر مسلم قراردینے کو پچاس سال مکمل ہونے پر 7 ستمبر 2024 کوقومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے لیے ا سپیکر سردارایازصادق کو خط لکھ دیا، اس معاملے پر متذکرہ ایم این اے کو سنی جماعت پاکستان کی قیادت کا خط بھی موصول ہوا ہے ۔ پارلیمانی سیکرٹری وزارت سمندرپارپاکستانیز چودھری احسان الحق باجوہ نے اسپیکر سے مطالبہ کیا ہے کہ 7 ستمبر 2024 کو قادیانیوں کو آئینی طور پر غیر مسلم قرار دلوانے کی آئینی ترمیم کو منظور ہوئے 50سال پورے ہورہے ہیں ،
لہذا قومی اسمبلی کا اجلاس بلا کر سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو، علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی،مولانا مفتی محمود ،مولانا عبدالستارنیازی، سمیت دیگر متعلقہ ممبران قومی اسمبلی جو اس کارخیر میں شامل رہے کو خراج تحسین پیش کیا جائے۔ قومی اسمبلی 7ستمبرکوعقیدہ ختم نبوتۖ کے تحفظ کے قانون کی سرکاری سطح پر گولڈن جوبلی منانے کا اعلان کرے،خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے۔ یاد رہے کہ سنی جماعت پاکستان کے مرکزی امیر مفتی مختار علی رضوی نے تمام اراکینِ اسمبلی کو خط لکھ کر قومی اسمبلی کا اجلاس 7ستمبر کو بلانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مفتی مختار علی رضوی نے مرکز اہلسنت گوجر خان میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ا سپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق سے مطالبہ کیا ہے کہ 7 ستمبر کو اجلاس بلانے کا فی الفور آڈر جاری کیا جائے اور ،، یوم ختم نبوتۖ ،، سرکاری سطح پر منانے کا وزیراعظم کی طرف سے باقاعدہ اعلان کیاجائے۔