اسلام آباد (صباح نیوز)سابق وفاقی وزیرطلحہ محمود نے کہا ہے کہ میڈیا کو سیاست میں جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے،ناجائز پبلسٹی کے باعث مشکوک لوگ ایوانوں میں پہنچ جاتے ہیں،حکومت کا اصل حلقہ تاجربرادری ہے ،حکومت ان کوحقارت کی نظر سے نہ دیکھے،معاشی بحران کو حل کرنے میں تاجربرادری کی صلاحیت کا ادراک کیا جائے،تاجربرادری کے تعاون ہی سے ترقی وخوشحالی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ،سیاسی جماعتیں خاندانی جماعتیں بنتی جارہی ہیں،جرائم پیشہ عناصرکا ایوانوں میں آنے سے راستہ روکنا ہوگا،قربانی کے لئے ہر بار عوام کو کڑواگھونٹ پینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(دستور) کے ملک بھر سے آئے ہوئے مندوبین کے اعزازمیں ظہرانہ کے موقع پر کیا ۔پی ایف یو جے کے صدر حاجی نوازرضا،سیکرٹری خانزادہ نے بھی خطاب کیا۔ صدر آرآئی یو جے راناکوثر،سینئرصحافیوں محسن رضا ،طارق سمیر ، خاورنوازراجہ نے بھی شرکت کی۔سابق وفاقی وزیرطلحہ محمود نے کہا ہے کہ قومی معاملات پر سیاست میں سچ بولنا مشکل بنادیا گیا پارٹی پالیسی کو مدنظر رکھنا پڑتا ہے جب کہ سیاسی جماعتیں خاندانی مفادات کے گردمحدود ہوکررہ گئی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ میڈیا کو چاہیئے کہ وہ سیاست میں جرائم پیشہ افراد کی نہ صرف نشاندہی کریں بلکہ ان کا محاسبہ بھی ہوناچاہیے۔سیاست کو کاروبار بناکررکھ دیا گیا ۔انھوں نے کہا کہ میڈیا چاہے کہ سیاسی مشکو ک افرادکو کہیں پزیرائی نہ ملے سیاسی جماعتوں کو سچ کو برداشت کرنا چاہیے اور ان جماعتوں میں جو لوگ جو قابلیت رکھتے ہیں اس حوالے سے اس کی صلاحیت سے ملک و قوم کے لئے فائدہ اٹھایا جائے۔
انھوں نے اپنی دور وزارت میں حج و عمر ہ کے لئے اصلاحات سے بھی آگاہ کیا اور عوام و بزنس کمیونٹی کے لئے بحثیت چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ خدمات کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بہت پہلے ہم نے قائمہ کمیٹی کے توسط سے مہنگی بجلی کی نشاندہی کردی تھی اور اس حوالے سے رپورٹ موجودہے آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں پر بھی شورشرابا کیا تھا سفارشات حکومت کو دیں مگر عوام پر بجلی کے بھاری بلز مسلط کئے جاتے رہے اب تو مہنگی بجلی کی وجہ سے کاروبار فیکٹریاں بندہورہی ہیں جب کہ حکومت کا اصل حلقہ تاجربرادری ہے اسے حقارت کی نظر سے نہ دیکھے ترقی وخوشحالی کے لئے کوئی ریاست حکومت تاجربرادری کے کردار سے انکار نہیں کرسکتی ، مزید معاشی تباہی سے بچاؤ ممکن ہے اگر تاجربرادری کو حکومت کچھ سمجھے تو ٹیکسوں کا بوجھ کم جائے ۔یقیناً پورا ٹیکس لیں مگر انصاف کے تقاضے مدنظر رکھے بڑے طبقات کوٹیکس نیٹ میں لائے۔مراعات یافتہ طبقہ کو کب تک نوازتے رہیں گے