لاہور(صابح نیوز)عوام میں ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی اجاگر کرنا الیکشن کمیشن کا آئینی فریضہ ہے۔اس فریضہ کی انجام دہی کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کے تعلقات عامہ ونگ نے ملک بھر میں عوام الناس، خصوصاطلبا اور طالبات کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے۔
اس سلسلہ میں لاہور کالج فار ویومن یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف انجنئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ آگاہی سیمینار میں قراة العین فاطمہ ڈائریکٹر میڈیا کوآرڈینیشن الیکشن کمیشن،سید شاہد اسلام ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لاہور اورھدی علی گوہر سینئر پبلک ریلیشن آفیسر نے طلبا سے خطاب کیا۔
سیمینار کے شرکا میں طلبا طالبات اور اساتذہ کی بڑی تعداد شامل تھی۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے موجود افسران نے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی اس مہم کامقصد پاکستا ن کے نوجوانوں کو انتخابی عمل، ووٹر رجسٹریشن اور ووٹ ڈالنے کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کرنا ہے۔علاوہ ازیں انتخابی عمل میں خواتین، خواجہ سرا، معذور افراد اور اقلیتوں کو بھی شامل کرنا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے جس کی بجا آوری کیلئے الیکشن کمیشن نے مختلف اور موثر اقدامات کیے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں میں درج مرد وخواتین ووٹرز کی تعداد میں موجود صنفی فرق کو ختم کرنے کیلئے نادرا کے اشتراک سے خواتین کیلئے شناختی کارڈ اور ووٹر رجسٹریشن مہم کا بھی آغاز کیا، جو کہ 2017 سے لے کر اب تک پاکستان کے 83اضلاع میں جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لاہور نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ شفاف اور جامع ووٹر لسٹ کی تیاری الیکشن کمیشن کا بنیادی فریضہ ہے جس کے لئے حال ہی میں الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے کام کا آغاز کیا ہے۔ آنے والے پنجاب بلدیاتی انتخابات اور عام انتخابات 2023 نظر ثانی شدہ انتخابی فہرست پر منعقد کئے جائیں گے۔
انہوں نے آگاہ کیا کہ انتخابی قانون 2017 کے تحت کوئی بھی ووٹر اپنے شناختی کارڈ پر موجود عارضی یا مستقل پتہ پر ووٹ رجسٹرکرنے کی درخواست دے سکتا ہے لہذا انہوں نے تمام شرکا سے اپیل کی کہ اپنا ووٹ رجسٹر کروائیں اور ووٹ کی تفصیلات اور درست پتہ کی تصدیق 8300پرشناختی کارڈ نمبر بھیج کر موبائل میسج کے ذریعے ضرور کر لیں تا کہ مطلوبہ پتہ پر ووٹ کے اندراج کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر طلبا کو آگاہ کیا گیا کہ وہ قوم کے معمار ہیں اور ان کی انتخابی عمل میں شمولیت ملک کے جمہوری مستقبل کیلئے بے حد اہمیت کی حامل ہے۔ یونیورسٹی کے اساتزہ اور پروفیسرز نے بھی اس موقع پر الیکشن کمیشن کے اقدامات کو سراہا اور ووٹر آگاہی کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ آگاہی پروگرام میں طلبا کو الیکشن کمیشن کی مہم کا حصہ بنایا گیا اور تر غیب دی گئی کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں موجود لوگوں کو ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کریں۔تقریب کے اختتام پر الیکشن کمیشن کی طرف سے اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔