بلاول بھٹو نے سندھ حکومت کے تحت غریب گھرانوں کے لئے سولر ہوم سسٹمز فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کردیا

کراچی (صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے  سندھ حکومت کے تحت غریب گھرانوں کے لئے سولر ہوم سسٹمز فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری پریس ریلیزکے مطابق  سولر انرجی پراجیکٹ کے تحت پہلے مرحلے کے دوران صوبے کے دو اضلاع میں  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحق 2 لاکھ خاندانوں میں مفت سولر ہوم سسٹم کی تقسیم کے منصوبے کا افتتاح کیا گیا ہے ۔ وزیراعلی ہاؤس میں منعقد  افتتاحی تقریب سے  پی پی پی چیئرمین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت عوامی مسائل کے پائِیدار حل میں یقین رکھتی ہے، اگر ہمیں وفاقی حکومت کی ذمہ داری ملے گی تو ہم ایسے منصوبے ملک بھر میں لے کر آئیں گے،غریب طبقے کو سولر انرجی کے تحت سپورٹ کیا جائے گا، ہم غریب طبقات کو سہولت پہنچانا چاہتے ہیں،اچھی بات یہ ہے کہ پورا ملک اس سوچ پر آگیا ہے کہ غریب عوام کو بجلی میں سہولت دینی ہے، صوبائی حکومت کا  پلان ہے تھر کول کے منصوبے کے ذریعے عوام کو  سستی بجلی پہنچائی جائے۔

انہوں نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ  کے الیکٹرک کو سندھ حکومت کے دو پلانٹس کے ذریعے سب سے سستی بجلی پہنچائی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکامتِ سندھ ونڈ پاور میں مزید سرمایہ کاری کر رہی ہے، اور پرائیوٹ سیکٹر کو بھی اس میں شراکت دار بننے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔تاحال سندھ میں  پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ  کے تحت  3 انرجی پارکس کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  ہمارا ویژن روشن پاکستان کے لیے ہے، وفاق کا بجلی کا نظام تباہ ہے بلکہ کوئی بھی  وفاقی محکمہ  اپنا کام درست انداز میں نہیں کر رہا۔ ایف بی آر کام نہیں کرسکتا تو بجلی کے بل کے ذریعے اس کو  ٹیکسز دیے جاتے ہیں۔ یوں،  جب بجلی کا بل آتا ہے تو عوام کو کرنٹ لگ جاتا ہے،ہم سولر کے ذریعے عوام کو  ریلیف دینا چاہتے ہیں کوشش کریں گے  آہستہ آہستہ سبسڈی کے تحت 300 یونٹ تک سرکاری خرچے پر  مستحق خاندانوں کو سولر بجلی کی سہولت ملے پر لائیں ہم بجلی کے حوالے سے پائیدارحل چاہتے ہیں، اور ہم گرین انرجی کے ذریعے بجلی کے بلوں میں ریلیف پہنچا سکتے ہیں، لاڑکانہ کے عوام18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ برداشت کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پنجاب میں بجلی صارفین کو 14روپے فی یونٹ ریلیف دینے کا  اعلان میری سمجھ سے باہر ہے،دوماہ کے ریلیف کے چکر میں اگر بارہ مہینے پھرعوام کو تکلیف ہو تو ہمیں ایسے منصوبے نہیں چاہئیں،حکومت کے خلاف کوئی لانگ مارچ یا عدم اعتماد کی تحریک نظر نہیں آ رہی، لیکن اس کے باوجود  مسلم لیگ(ن) حکومت کا فیصلہ سمجھ سے باہرہے۔ انہوں نے وزیراعلی سندھ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ  وزیراعظم سے رابطہ کرکے بجلی ریلیف معاملے پر بات کریں،اگر وفاق ہمیں سستی بجلی کے حوالے سے اپنے منصوبے پر قائل کرتا ہے، تو ہم سولر ہوم سسٹم فراہمی جیسے منصوبوں کو چھوڑ  کر ان کے منصوبوں کو فالو کریں گے، لیکن اگر وہ ہمیں قائل نہیں کرسکتے تو انہیں ہمیں سپورٹ کرنا چاہیے،عوام کی قسمت کے فیصلے کرتے وقت اپنی سیاست نہیں، پاکستان کا مفاد کا سامنے رکھنا چاہیے۔  تقریب میں وزیراعلی مراد علی شاہ، پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھڑو، صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ دیگر صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔