‎پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن میں بددیانتی،بد عنوانی اور اقربا پروری کی انتہا ہوگئی


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن میں بددیانتی ، بد عنوانی اور اقربا پروری کی انتہا ہوگئی۔ وزارت اطلاعات و نشریات پاکستان کے زیلی ادارے پی ٹی وی کی کوئی کل سیدھی نہیں۔ غلط اور غیر معیاری خبروں کا رونا تو رویا ہی جاتا تھا مگر اب اقربا پروری کی بنیاد پر لاتعداد لوگ بھی بھرتی کئے جا چکے ہیں۔ پی ٹی وی میں شاندار کیرئیر اور باصلاحیت اہلکار و اینکرز منہ دیکھتے رہ گئے اور پیرا شوٹرز کو بہت زیادہ معاوضے پر بھرتی کیا گیا ہے۔صباح نیوز کو ملنے والی اطلاعات انتہائی ہوش ربا ہیں، مالی کرپشن کی باتیں بھی زبان زد عام ہیں۔

صباح نیوز نے نگران دور کے وزیر اطلاعات ، موجود وزیر اطلاعات اور پی ٹی وی کے مینجگ ڈائریکٹر سے رابطہ کرکے بدون میرٹ تقرریوں سے متعلق ان کا موقف جاننے کی متعدد بار کوشش کی مگر کسی نے جوابی کال، پیغام کا جواب یا موقف دینا گوارا نہیں کیا۔خبر رساں ادارے کو جب بھی ان ذمہ داران نے اپنا موقف دیا ہم اسے خبر کی صورت جاری کردینگے۔خبر رساں ادارے کو پی ٹی وی سے ذمہ دار افراد نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ گزشتہ دس ماہ میں میرٹ کو پامال کرتے ہوئے فرحت عباس جنجوعہ جو بطور رنر بھرتے ہوئے تھے نے الخیر یونیورسٹی کی جعلی ڈگری کے ساتھ ایکس کیڈر پر ترقیاں حاصل کیں ان کی پی ٹی وی ڈائریکٹر کے طور پر تصدیق کر دی گئی ہے اور انہیں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کا سب سے طاقتور عہدہ دیا گیا ہے۔ اب وہ پی ٹی وی اکیڈمی کے ڈائریکٹر بھی ہیں اور دونوں دفاتر کا چارج رکھتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمن کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔فرحت جنجوعہ کے پاس حیران کن طور پر چار مضبوط ترین عہدے ہیں جس میں ڈائیریکٹر ایڈمنسٹریشن، ڈائیریکٹر اکیڈمی، ڈائیریکٹر پی ٹی وی فاونڈیشن اور جنرل منیجر پی ٹی وی نیوز شامل ہیں۔

کمال حیران کن بات یہ ہے کہ پی ٹی وی نیوز کا جنرل منیجر تاریخی طور پر نیوز اینڈ کرکٹ افئیرز کا پروفیشنل پروڈیوسر ہی ہوتا ہے لیکن اس بار بڑے مالی گھپلوں اور بھرتیوں کو چھپانے کیلیے ڈائیریکٹر ایڈمنسٹریشن نے غیر قانونی طور پر یہ اہم ترین عہدہ اپنے پاس رکھ لیا ہے۔ مسٹر اسامہ اظہر کو پی ٹی وی سپورٹس کے ڈائریکٹر کے طور پر کنفرم کیا گیا ہے۔ گروپ 9 سے ان کی تنزلی کے چھ ماہ نہ گزرے تھے کہ انہیں غیر قانونی طور پر اس عہدے پر ترقی دی گئی، حالانکہ پی ٹی وی میں پہلے سے ہی کنفرم ڈائریکٹر سپورٹس موجود ہے اور ایک پوسٹ پر دو افسران کو ترقی دینے کا کوئی اصول نہیں ہے۔ مسٹر اسامہ اظہر کی ہدایت کاری میں جو اصل میں آئی ٹی اسسٹنٹ ہیں تاریخ میں پہلی بار پی ٹی وی دنیا کی سب سے بڑی نمائش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ڈائریکٹر انتظامیہ نے گزشتہ دس ماہ میں مختلف کیڈرز میں ساڑھے چار سو (450) نئے ملازمین کا تقرر کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تقرریوں کی شرح رشوت کم از کم پانچ لاکھ سے شروع ہوتی اور حصہ بقدر جسہ کے مِثل جتنی بڑی پوسٹ ہوگی اتنا ہی بڑا مال دیکر بھرتی ہوگی۔

پی ٹی وی شدید مالی دباو کا شکار ہے مگرحال ہی میں 65 جونیئر ملازمین کو چھوٹے سکیلوں سے اٹھا کر گریڈ 17 کے برابر گروپ پانچ میں ری ڈیزیگنیٹ کر دیا گیا ہے۔ ان افراد میں پی ٹی وی کے ڈائیریکٹر ایڈمنسٹریشن کے سگے بیٹے سمیت  پلمبر، ڈیزل مکینک، ڈرائیورز، جنریٹر آپریٹرز، چپڑاسی اور مالی شامل ہیں۔ اب ان تمام افراد کو نیوزپروگرامز اور کرنٹ افیئرز میں پروڈیوسر یاایڈمن ، فنانس، اکاونٹس آفیسرز بنا دیا گیا ہے۔ اس کا مالی بوجھ سالانہ کروڑوں میں ہے۔ پی ٹی میں ایک ایسے شخص کو ڈائیریکٹر نیوز لگایا گیا ہے جو اسلام آباد کے دو تعلیمی اداروں میں جز وقتی اور ایک تعلیمی ادارے  میں کل وقتی ملازم ہے۔اس کے باوجود کے پاکستان ٹیلی وژن کے پاس ایک مستقل ڈائیریکٹر نیوز موجود ہے جو لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ اور دیگر مراعات بھی حاصل کرتا ہے اس شخص کو اور گروپ 9 کے سینئیر موسٹ نیوز کے افسروں سمیت  23 سینئیرز کو بائی پاس کر کے میرٹ کی برخلاف ذاتی پسند کی بنیاد پر ڈائیریکٹر نیوز لگایا گیا ہے۔ سکیل 16 میں جونیئر ملازمین کو ایکس کیڈر کے عہدوں پر ترقی دی گئی جو کہ غیر قانونی ہے اور جس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ دسیوں جونیئر ملازمین کو سابق کیڈر میں ترقیاں دی گئیں۔لاہور کی ایک انتہائی جونیئر خاتون رپورٹر نے دو سال سے بھی کم عرصے میں گروپ 5 سے گروپ 8 میں ترقی پائی ہے اور ایک سال میں اسے دو سابق کیڈر ترقیاں دی گئی ہیں۔

سکیل سولہ (16) کے ایک اور انتہائی جونیئر رپورٹر جو کے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بہت قریبی ہیں کو گروپ 9 میں ترقی دی گئی ہے جو کہ گریڈ 20 کے برابر ہے۔ اسے دو سال سے بھی کم عرصے میں دو ایکس کیڈر ترقیاں بھی دی گئی ہیں۔ اور اب پوری وزارت اطلاعات کے والٹن کے تربیت یافتہ سول سرونٹس کو چھوڑ کر پی ٹی وی کے اس جونئیر رپورٹر بھرتی ہوئے شخص کو وزیر اطالاعات کا پی آر او لگا دیا گیا ہے۔ اس شخص کو پی ٹی وی کے جنرل منیجر میڈیا کی سیٹ پر پہلے سے موجود جی ایم میڈیا کو ڈیموٹ کر کے تعینات کیا گیا۔ ایڈمن ڈیپارٹمنٹ کے ملازم عمران ایوبکو گریڈ سترہ (17) سے ایکس کیڈر گروپ 9 (گریڈ 20 کے برابر) میں ترقی دی گئی ہے اور پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں چیف کوآرڈینیٹر ایچ آر اینڈ لیگل کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر ایڈمن فرحت عباس جنجوعہ طرف سے اختیارات کے ناجائز استعمال  کی یہ ایک اور  شاندار مثال ہے۔بھاری معاوضوں اور مراعات کے لیے راشد مجاہد کنٹرولر کوآرڈینیشن، غلام رسول شگری کمپنی سیکریٹری بنائے گے ہیں اور اب جی ایم لینڈز کی ایک اور پوسٹ پہلے سے منتخب شخص کے لیے مشتہر کی گئی ہے۔

یہ تمام سابق کیڈر اسامیوں کا پی ٹی وی پر بہت بڑا مالی بوجھ ہے۔ حال ہی میں خرچوں کو کنٹرول کرنے  کیلیے پی ٹی وی نے ایک آرڈر جاری کیا ہے جس کے مطابق کوئی بھرتی ، ٹرانسفر یا مالی بوجھ والا فیصلہ نہیں کیا جائے گا لیکن اس فیصلے کو ہوا میں اڑاتے ہوئے ایکس کیڈر کی ایک اور آسامی سوفٹ وئیر ڈیولپر کیلیے مشتہر کی گئی ہے۔ پی ٹی وی کے عملے کی ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمت میں توسیع ایک اور بڑا اسکینڈل ہے۔ پی ٹی وی انتظامیہ نے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے ملازمین کی خدمات حاصل کیں جن میں سیف اللہ شاہد بھی شامل ہیں، جنہیں ان کی ریٹائرمنٹ کے دن ڈائریکٹر کے طور پر کنفرم کیا گیا تھا اور انہیں ایم ڈی کے ڈائریکٹر کے طور پر رکھا گیا تھا۔ مسٹر سیف اللہ وزارت اطلاعات میں بیٹھتے ہیں اور پی ٹی وی نیوز سے بطور ریسرچر تنخواہ لیتے ہیں۔ کروڑوں کے مالیاتی فائدے کے عوض سابقہ تاریخوں میں بہت سے افراد کو ترقیاب کیا گیا ہے۔ریٹائرمنٹ کے بعد اکتوبر 2023 سے ابتک آٹھ لوگوں کو کانٹینٹ اور ریسرچ کی مد میں دوبارہ کنٹریکٹ پر رکھا گیا ہے۔ ایک فرد کو ایک سے زیادہ چارج دینا پی ٹی وی کا ایک اور اسکینڈل ہے۔

کل وقتی ڈائریکٹر انجینئرنگ عارف نور کو چار ڈائریکٹرز یعنی ڈائریکٹر آئی ٹی، ڈائریکٹر سوشل میڈیا اور منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی فاونڈیشن کا چارج بھی دیا گیا ہے اور ہر عہدے کا معاوضہ الگ سے دیا جارہا ہے۔ایک اور شاندار مثال مسٹر سہیل بخاری کی ہے جنھیں ریٹائرمنٹ کے بعد پی ٹی وی ڈائریکٹر کے طور پر کنفرم کیا گیا اور پھر پی ٹی وی  میں 4لاکھ روپے ماہانہ پر بطور پروگرام پری ویو افسر تعینات کر دیا گیا۔ وہ پی ٹی وی نیوز کے ایم ڈی کیمپ آفس میں بیٹھتے ہیں۔ سیف اللہ شاہد اور سہیل بخاری کے بیٹوں کو بھی بھاری تنخواہ پر ملازمت دی گئی ہے۔ ایک اور کلاسک پروموشن ہیڈ آف پروکیورمنٹ جاوید بشیر کی ہے جنہیں ایکس کیڈر گروپ-9 میں ترقی دی گئی ہے اور پچھلے سال 2022 سے 15% کا خصوصی تنخواہ الاونس دیا گیا ہے۔عارف محمود نامی شخص کو حال ہی میں نیوز سے نکال کر انٹرنیشنل ریلیشن ڈیپارٹمنٹ کا ڈائیریکٹر لگایا گیا ہے۔ ان صاحب نے زندگی بھر کبھی آئی آر کے شعبے میں نہ صرف کام نہیں کیا بلکہ کئی بار اپنی نا اہلی پر نیوز ڈیپارٹمنٹ سے نکالے  جا چکے ہیں۔ اب ایک بار پھر سفارش کی بنیاد پر ڈائیریکٹر کے طور پر اپنی کنفرمیشن کیلیے انتظامیہ کو مسلسل پریشرایز کر رہے ہیں۔