بلوچستان: مختلف علاقوں میں فورسز کا آپریشن، 21 دہشتگرد ہلاک، 14سیکیورٹی اہلکار شہید


راولپنڈی ،کوئٹہ(صباح نیوز) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کی جانب سے بزدلانہ حملوں کے جواب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 21 دہشت گرد لاک ہو گئے، آپریشن کے دوران 14 سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ رات دہشت گردوں نے بلوچستان میں متعدد بزدلانہ کارروائیوں کی کوشش کی۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے موسی خیل، قلات اور لسبیلہ کے اضلاع میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا، موسی خیل میں دہشت گردوں نے بس کو روک کر معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، دہشت گردوں کی ان بزدلانہ کارروائیوں کامقصد بلوچستان کے پرامن ماحول اور ترقی کو متاثر کرنا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران 21 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 14 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔شہدا میں پاک فوج کے 10 جوان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 اہلکار شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق معصوم شہریوں کونشانہ بنانے والے مجرموں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔