مکران (صباح نیوز) ایران سے آنے والی زائرین کی بس مکران کوسٹل ہائی پرحادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 12 جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زائرین کی بس کو حادثہ مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب پیش آیا، بریک فیل ہونے کے باعث بس کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 12 زائرین جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔
پولیس نے بتایا کہ ایران سے آنے والی بس زائرین کو لے کر پنجاب جا رہی تھی، زخمیوں اور جاں بحق افراد کی میتوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیاگیا ۔پولیس حکام نے بتایا کہ زائرین کا تعلق لاہور اور گوجرانوالہ سے ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے تھے۔