اسلام آباد(صباح نیوز)پاک فوج کی میجر ثانیہ صفدر صنفی مساوات کے لئے کام کرنے پر” تعریفی سند دوہزار تیئس” حاصل کرنے والی اقوام متحدہ امن مشن کی پہلی اہلکار بن گئی ہیں۔مشن کے مطابق وہ سائپرس میں اقوام متحدہ امن فورس میں مشن کی سگنل آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔امن کارروائیوں کے لئے نیویارک میں قائم اقوام متحدہ کے ادارے کی جانب سے جاری کردہ ایوارڈ انہیں سائپرس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی Colin Stewart نے پیش کیا۔
میجر ثانیہ صفدر نے اپنے بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارے کی طرف سے پہلی امن اہلکار کے طور پر یہ اعزاز حاصل کرنا ان کیلئے باعث فخر ہے اور اس کی سائپرس میں پاک فوج کے مشن کیلئے بڑی اہمیت ہے۔انہوں نے اپنی اس کامیابی کو صنفی مساوات کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا ثبوت قرار دیا۔