اسلام آباد (صباح نیوز)قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کا بندکمرے کا پہلا اجلاس پارلیمینٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیٹی نے آزاد کشمیر کے باڈر ایریا چکوٹھی اور دیگر علاقوں کے دورے کا فیصلہ کیا ہے ۔اجلاس میں سیکرٹری وزارت خارجہ، سیکرٹری کشمیر آفیئرز، وزارت خارجہ وزات دفاع اور کشمیر کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے ۔
سیکرٹری وزارت خارجہ نے کمیٹی کو مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بریفننگ دی۔ کمیٹی نے مسئلہ کشمیر کو تمام علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو فعالیت کی ہدایت کی ہے ۔اجلاس میں ارکان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام نا ممکن ہے، ہمیں مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے اس پر کام کرنا ہو گا۔رضا حیات ہراج، رانا مبشر اقبال، وجہیہ قمر ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، شرمیلا فاروقی، فتح اللہ خان میانخیل، نوابزادہ افتخار احمد بابر، علی خان جدون، شہریار خان آفریدی، فیصل امین خان، خرم شہزاد ورک، میاں محمد اظہر، اورنگ زیب خان کھچی دیگر نے شرکت کی- ارکان نے کہا کہ پارلیمان نے کشمیر کمیٹی کو مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کی حالت زار کو تمام علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے کا اختیار دے رکھا ہے،تمام علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرے گی،مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں،
چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں دس لاکھ فوجی اہلکاروں کو مظلوم کشمیری عوام پر ظلم و جبر کرنے کیلئے تعینات کر رکھا ہے۔ 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت نے کشمیری عوام کے حقوق پر شب خون مارتے ہوئے کشمیری عوام کی شناخت کو تبدیل کر کے ان کے بنیادی حقوق کو سلب کیا ہے،کمیٹی مسئلہ کشمیر کو اپنے دوست ممالک کے تعاون کے ذریعے عالمی برادری کے سامنے پیش کرے گی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک دہائی کے بعد لوکل گورنمنٹ الیکشن کا ڈھونگ رچایا جا رہا ہے،مقبوضہ کشمیر کے عوام اس الیکشن کو تسلیم نہیں کرتے،جب تک کشمیر کے عوام کو آزادی نہیں ملتی تب تک قائد اعظم محمد علی جناح کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،کمیٹی آزاد کشمیر کے باڈر ایریا چکوٹھی اور دیگر علاقوں کا دورہ کرے گی، مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے ۔کشمیر کمیٹی نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے دنیا کی توجہ کشمیری عوام کی حالت زار کی طرف مبذول کرانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھیں گے۔وقت آچکا ہے کے کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دلایا جائے جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کیا گیا تھا۔