گلشن معمار کراچی کے الخدمت آغوش ہوم میں جشن آزادی فیسٹیول و تقسیم انعامات

 کراچی(صباح نیوز) الخدمت آغوش ہوم گلشن معمار کے بچوں کیلئے آغوش ہوم میں آزادی فیسٹیول اور سالانہ تقسیم انعامات کا اہتمام کیا گیا،جس میں بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ آغوش ہوم کو شاندار انداز میں سجایا گیا تھا۔فیسٹیول کے مہمان خصوصی ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی تھے۔ ڈائریکٹر آغوش ہوم عبدالرحمن فدا اورامیر جماعت اسلامی ضلع گڈاپ عرفان احمد، منیجر آغوش ہوم مصعب بن عبدالقادر ودیگر ذمہ داران موجود تھے۔اس موقع پربچوں کو پاکستان کے حصول کیلئے دی گئی قربانیوں سے متعلق کہانی سنائی گئی اور بتایا گیا کہ پاکستان عظیم جدو جہد کے بعد وجود میں آیا۔آزادی فیسٹیول میں بچوں کے درمیان ملی نغمے اور کوئز کے مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ فیسٹیول میں ستارہ آغوش کا انعام شہزاد خان کو دیا۔آغوش ہوم کے دیگر ستاروں کو مختلف کیٹگریز میں انعامات اور میڈلز دیئے گئے ۔سمر کیمپ کے بہترین گروپ لیڈر ز،بہترین پرفارمنس دکھانے والوں ،مقابلوں کے بہترین شرکا میں میڈلز تقسیم کیے گئے ،سمر کیمپ کے گروپس اے ،بی، سی ،ڈی کے پوزیشن ہولڈر ز میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ان ڈور مقابلوں کے تمام شرکا کو میڈلز دیئے گئے۔فیسٹیول میں قائد اعظم محمد علی جناح اور تمام مسلمانان تحریک آزادی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اس موقع پرآغوش ہوم میں پودے بھی لگا ئے گئے ، ایگزیکٹو ڈائریکٹرالخدمت کراچی راشد قریشی نے انعامات حاصل کرنے والے تمام بچوں کو مبارک باد دی اور اپنے خطاب میں کہا کہ فیسٹیول کے اہتمام کا مقصد آغوش ہوم کے بچوں کویوم آزادی کی حقیقی خوشی سے ہم کنار کرنا تھا تاکہ انہیں بھی آزادی کی اہمیت سے آگاہی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک بانی پاکستان قائد اعظم کی عظیم جدوجہد ،حکمت، تدبر اور مسلمانان برصغیر کی عظیم قربانیوں کے بعد بنا ۔اس کو حاصل کرنے کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں ۔ آج 77سال بعد ہم ان قربانیوں پر اپنے اکابرین کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ اللہ اور تمام اکابرین کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں وہ خطہ ارض دیا جہاں ہم آزاد فضا میں زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی اہمیت کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں سے پوچھی جائے جو اس وقت شد ید مشکلات کا شکار اورآزادی جیسی نعمت سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آپ نے پڑھنا لکھنا ہے ،آگے بڑھنا اور بڑا انسان بننا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے آپ دن رات محنت کریں اور اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں۔ انہوںنے فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لیے بھی دعا کی ۔عبد الرحمن فدا اور عرفان احمد نے کہا کہ ہمیں اس آزادی کی قدر کرنی چاہیے اور ملک وقو م کی ترقی کیلئے پرفرد کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہیے ۔