جامعہ کشمیر کے ملازمین کو تنخواؤں میں اضافہ کی فوری ادائیگی کی جائے،ملازمین کی تنظیموں کا مطالبہ


مظفر آباد(صباح نیوز) آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کی اکیڈمک /ایڈمنسٹریٹیو سٹاف ایسوسی ایشنز کا مشترکہ ہنگامی اجلاس گزشتہ روز چہلہ کیمپس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ہر دو تنظیم ہا کے عہدیداران نے شرکت کی اور دوران اجلاس وفاقی و آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کی جانب سے ملازمین کی تنخواؤں میں منظورکیا گیا حالیہ اضافہ جامعہ کشمیر کے ملازمین کی تنخواؤں میں نہ شامل کیے جانے اور سابقہ تنخواؤں پر نئی شرح سے بھاری ٹیکس کی کٹوتی کا جائزہ لیتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں جامعہ کشمیر کے ملازمین کی تنخواؤں میں اضافہ نہ ملنے پر پائی جانے والی بے چینی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ایسوسی ایشنز اس بابت ارباب اختیار کو فوری طور پرتحریری طور پر تحریک کریں گی اور ملازمین میں پائی جانے والی تشویش کے حوالہ سے بھی یونیورسٹی انتظامیہ کو آگاہ کرتے ہوئے اس کے فورا سدباب کے لیے اقدامات اٹھائے جانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ایسوسی ایشنز کے مشترکہ ہنگامی اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ جامعات کو جاری مالی مسائل کے حوالہ سے حکومت آزادکشمیر کی سطح پر مزاکرات کے لیے بھی ایسوسی ایشن کے وفود تشکیل دئیے جائیں گے۔

آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کی اکیڈمک /ایڈمنسٹریٹیو سٹاف ایسوسی ایشنز نے جامعہ کشمیر کے ملازمین کو تاحال گزشتہ مالی سال میں حکومت کی جانب سے دیے جانے والے ایڈہاک ریلیف کے بقایا جات نہ ملنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور اس بابت ملازمین میں پائے جانے والے اضطراب کو بھی زیرغورلایا گیا۔ایسوسی ایشنز نے یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ملازمین کے چھ ماہ کے بقایا جات کے ساتھ ساتھ رواں مالی سال میں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ اضافہ بھی فوری طور پر ملازمین کو ادا کیا جائے بصورت دیگر کسی بھی انتظامی و تدریسی خلل اور طلبا و طالبات کے تعلیمی حرج کے ملازمین ذمہ دار نہ ہونگے۔