سری نگر— مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما اورجموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیر پرسن فریدہ بہن جی نے پانچ اگست 2019 کو کشمیر کی تاریخ میں ایک سیاہ ترین دن قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے ان یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات سے کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں ہو سکی، پوری کشمیری قوم اس دن یوم سیاہ مناکر فاشسٹ مودی حکومت کے غیرقانونی اقدامات کو مستردکرکے اپنے بنیادی حق خود ارادیت کے مطالبے کو واضح کریں،
پانچ اگست کو منائے جانے والے یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیعام میں فریدہ بہن جی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ ریاست میں آبادیاتی تبدیلیاں لانے کے مذموم عزائم کے ساتھ جموں و کشمیر کے متنازعہ علاقے کی قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی بھارتی کوشش نے پوری وادی کو دنیا کی سب سے بڑی انسانی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں تمام بنیادی حقوق سلب کرنے کے ساتھ شہریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا گیا فوجی طاقت کے ذریعے ان غیر قانونی اقدامات کو کشمیریوں پر زبردستی مسلط کرنے کے لئے قابض فوجیوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ کیا گیا جس سے کشمیر دنیا کا سب سے بڑا ملٹر ی زون بن گیا ہے جہاں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔کشمیری خاتون رہنما نے واضح کیا کہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے آرٹیکلز کی منسوخی بھارتی آئین، اقوام متحدہ کی قراردادوں، جنیوا کنونشن، کشمیری عوام کی مرضی اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔
بھارتی آئین کہتا ہے کہ آرٹیکل 370 کو یکطرفہ طور پر منسوخ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے 1947 کے بعد سے بہت زیادہ مصائب جھیلے ہیں اور اب بھی قابض افواج کے ہاتھوں ان کے ظالمانہ قوانین اور جابرانہ ہتھکنڈوں کا سامنا کر رہے ہیں ، کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رنگ لا کربھارتی غلامی سے جلدآزادی حاصل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے پانچ سال مکمل ہونے پر یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔انہوں نے 5 اگست کو مقبوضہ علاقے میں کشمیری عوا م سے مکمل ہڑتال ، سول کرفیو اور بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی تاکہ بھارت اور دنیا پر واضح ہوسکے کہ کشمیری بھارت کے ان یکطرفہ اقدامات کو مسترد کرتے ہیں اور وہ صرف اور صرف اپنا حق خو د ارادیت چاہتے ہیں جس کا وعدہ ان سے خود بھارت نے اقوام متحدہ کی قرارداوں میں کررکھا ہے ،انہوں نے سرکار سطح پر پانچ اگست کو یوم استحصال منانے کا اعلان پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کشمیریوں کی اپنی حمائت جاری رکھے گا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وتشد د اور ریاستی دہشت گردی کو عالمی سطح پر بے نقاب کرتا رہے گا۔