اسلام آباد(صباح نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی سے وابستہ ہزاروں افراد نے جام شہادت نوش کرتے ہوئے شمع آزادی کو فروزاں رکھا جس کے نتیجے میں جماعت بھارتی استبداد کا نشانہ بنی۔ اب اطلاعات کے مطابق گن پوائنٹ پر جماعت کے محبوس قائد ین کو تاریخی موقف تبدیل کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے جو انتہائی تشویشناک اور قابل افسوس ہے ۔
کنوینر حریت کانفرنس نے زعما جماعت سے اپیل کی کہ کوئی ایسا فیصلہ نہ کریں جسکے نتیجے میں جماعت کی ساکھ متاثر ہو اندرونی انتشار بڑھے یا مودی حکومت کے اگست 2019 کے آئینی دہشت گردی کے اقدامات کو جواز فراہم ہو اور کشمیر کی مظلوم مگر پرعزم ملت کو مایوسی کا پیغام پہنچے،
انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ پرعزم تحریکیں اور اقوام غیر ملکی استعماری تسلط سے نجات حاصل کرکے رہتی ہیں۔ حال ہی میں افغانستان اور فلسطین نے اس تاریخی حقیقت کو پھر زندہ کیا ہے کہ اسلحہ کی طاقت نہیں ایمانی قوت ہی فتح مند ہوتی ہے غزہ اور فلسطین میں نا مساعد حالات کیباوجود مجاھدین کی استقامت اور قربانیوں کے نتیجے میں اسرائیلی استعماراخلاقی اور سفارتی محاز پر شکست کھا چکا ہے اس لئے مقبوضہ ریاست میں بھی بھارتی استعمار کی شکست نوشتہ دیوار ہے اس موقع پر اتحاد اور استقامت کا مظاہرہ ہی بھارت کو پسپائی پر مجبور کر سکتاہے اور ہماری معمولی کوتاہی بھارتی قبضہ کو مستحکم کرنے کا موقع فراہم کرسکتی ہے
انہوں نے کہا کہ مودی کے اقدامات کے تدارک کے لئے حکومت پاکستان کسی کمزوری کے بغیر کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد کی بھر پور پشتیبانی کرے اور عالمی برادری کو کشمیر میں ہر سطح پر جاری جدوجہد کی جوازیت پر مطمن کرے تاکہ مزاحمتی حلقوں میں مایوسی اور بے اعتمادی کا خاتمہ ہو اور بھارت کو اپنا ایجنڈا آگے بڑھانے کاموقع نہ ملے