یوم عاشور کل پورے عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائے گا

اسلام آباد(صباح نیوز)ملک بھر میں آج (بدھ کو) یوم عاشور دس محرم الحرام پورے عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائے گاجس کا مقصد کربلا میں حضرت امام حسین اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں تعزیتی جلوس نکالے جائیں گے۔علما اور ذاکرین حضرت امام حسین کی نمایاں اور درخشندہ تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالیں گے۔

دوسر ی جانب منگل کو نویں محرم کے موقع پر ملک بھر میں تعزیتی جلوس نکالے  گئے جن میں حضرت امام حسین کے عزاداروں نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے حصہ لیا۔ مساجد اور امام بار گاہوں میں مجالس ہوں گی جن میں علما اور ذاکرین فلسفہ شہادت اور اہل بیت کی سیرت پر روشنی ڈالیں گے۔عزاداری کے جلوسوں کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں۔۔