9 مئی جلاؤ گھیراؤکیس، شاہ محمود قریشی ،یاسمین راشد سمیت 9ملزمان پر فرد جرم عائد


 لاہور(صباح نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت نے 9مئی کو تھانہ شادمان جلانے کے مقدمے میں رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی اور یاسمین راشد سمیت 9ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔

کوٹ لکھپت جیل لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج خالد ارشد نے کیس کی سماعت کی ،انسداد دہشت گردی عدالت کوٹ لکھپت جیل لاہور میں 9مئی کو تھانہ شادمان جلانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں فاضل جج خالد ارشد نے ملزمان شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری سمیت 9ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا ۔عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 18جولائی تک ملتوی کردی۔

قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سخت سکیورٹی میں 9مئی سے متعلق مقدمات کی سماعت کے سلسلے میں کوٹ لکھپت جیل پہنچایا گیا تھا اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزمان کو انسداد دہشت گردی عدالت نے فرد جرم کی کارروائی کے لیے طلب کررکھا تھا۔شاہ محمود قریشی و دیگر پر تھانہ شادمان جلا ؤگھیرا ؤسمیت دیگر مقدمات ہیں۔

دریں اثنا انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ 9مئی کے 4مقدمات پر پراسیکیوشن نے چالان آئندہ سماعت پر پیش کرنے کی یقین دہانی کروادی، جس پر عدالت نے چالان طلب کرتے ہوئے 4مقدمات کی جیل سماعت 22جولائی تک ملتوی کرنے کا حکم دے دیا ۔ اس کیس میں ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ اور ریس کورس میں مقدمات درج ہیں۔