راولپنڈی (صباح نیوز)ضلع شمالی وزیرستان میں مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، جوانوں اور شہید کے لواحقین کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی شہید کے جنازے کو کندھا دیا ۔
شہید کی نمازجنازہ میں شرکت کے موقع پر وزیراعظم نے اظہار خیال یہ قربانیاں پرامن اور خوشحال پاکستان کے لئے ہر قسم کی دہشت گردی کو شکست دینے کے ہمارے عزم کی تصدیق کرتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ قوم ان غیر ملکی دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پرعزم ہے اور پاکستان کے ان دشمنوں کو پورے نظام کی یکسوئی، جامع حکمت عملی کے ذریعے مکمل شکست دی جائے گی، انشا اللہ۔شہید کو ان کے آبائی شہر میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ۔24سالہ شہیدکیپٹن محمد اسامہ کا تعلق ضلع راولپنڈی سے تھا۔اعلیٰ قیادت نے شہید کے والدین سے ملاقات بھی کی ۔