محرم الحرام ،پنجاب بھر میں دفعہ 144نافذ


لاہور (صباح نیوز)حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144نافذ کر دی ۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کوئی نئی اختراع نہیں ہو گی،مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر ،عوامی جذبات، عقیدوں اور فرقوں کو بھڑکانے والے اشتعال انگیز نعروں اور اشاروں پر مکمل پابندی عائدہوگی،کسی بھی ڈیوائس سے بین المذاہب، فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے ریمارکس پر دفعہ 144نافذ ہوگی۔

ترجمان کے مطابق جلوس کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر پر پابندی جبکہ جلوس کے راستوں میں موجود عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ جلوس کے دوران راستے میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی پر بھی پابندی ہوگی۔ترجمان نے کہا کہ بزرگ شہریوں، خواتین کے علاوہ ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی۔ دفعہ 144 کا اطلاق یکم سے 10محرم الحرام تک ہوگا جبکہ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 7سے 10محرم الحرام تک ہوگا۔