مظفرآباد(صباح نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمائوں نے عالمی برادری سے ایک بار پھر یہ مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ٹھوس کردار ادا کیا جائے۔ اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق میں تسلیم شدہ قراردادوں کو عملی جامہ پہنائے۔ گجرات کے قصائی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مقبوضہ وادی کو لہو لہو کررکھا ہے، حریت قیادت سمیت ہزاروں بے گناہ کشمیری بھارت کی مختلف جیلوں میں قید ہیں ، کشمیری اسیران کے ساتھ بھارت کی بدنام زمانہ جیلوں میں غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہاہے اور ان کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق سیکرٹری جنرل شیخ عبدالمتین، سابق سیکرٹری اطلاعات امتیاز احمد وانی و دیگر نے جموں وکشمیر جرنلسٹس فورم میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حریت رہنما محمد شفیع ڈار، دائود یوسفزئی، عبدالمجید لون، منظور احمد ڈار کے علاوہ مہاجرین نوجوان بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 76 برسوں سے کشمیری بھارت کیخلاف اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور حق مانگنے کی پاداش میں بھارت نے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے، انہوں نے کہا کہ مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ڈاکٹر عبدالحمید فیاض، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، محمد یوسف فلاحی، امیر حمزہ، حیات ڈار، ناہیدہ نسرین، نعیم خان، ایاز اکبر، صوفی فہمیدہ، سیف اللہ پیر، ظفر اکبر بٹ، عمر عادل ڈار و دیگر کشمیری رہنمائوں سمیت ہزاروں بے گناہ کشمیری بھارت کی جیلوں میں مقید ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کو بھارت نے مکمل فوجی چھاونی میں تبدیل کررکھا ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے بعد وہاں غیر ریاستی افراد کو ڈومیسائل جاری کیئے جارہے ہیں، بھارت کشمیریوں کو اکثریت سے اقلیت میں بدلنے کی مذموم سازشوں میں مصروف ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر میڈیا کو سچ دکھانے پر پابندی ہے، ایسے حالات میں دنیا تماشائی نہ بنے بلکہ بھارت کے مکروہ چہرہ کو بے نقاب کرے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ، بھارت کشمیریوں سے کیئے وعدے پر عملدرآمد نہیں کررہا ہے اور کشمیریوں کی نسل کشی کرنے میں مصروف ہے، دنیا کشمیریوں سے کیئے وعدے پر عملدرآمد کروا کر جنوبی ایشیا میں قتل و غارت گری رکوائے تاکہ خطہ امن کا گہوارہ بن سکے ۔ اس موقع پر حریت رہنماوں نے جموں وکشمیر جرنلسٹس فورم کے قیام کو خوش آئند قرار دیا ہے اور امید کا اظہار کیا ہے کہ فورم تحریک آزادی جموں وکشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر آزادی کی تحریک میں جام شہادت نوش کرنے والے شہداء کے بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی گئی۔