خاور مانیکا تشدد کیس، پی ٹی آئی وکیل فتح اللہ برکی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج


اسلام آباد(صباح نیوز)انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے  بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا پر تشدد کرنے والے پی ٹی آئی کے وکیل فتح اللہ برکی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کر دی۔

پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے خاور مانیکا پر تشدد کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔عدالت نے خاور مانیکا تشدد کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل فتح اللہ برکی کی ضمانت خارج کر دی جبکہ پی ٹی آئی کے دیگر وکلا کی ضمانت کی توثیق کر دی۔

درخواست گزاروں کی جانب سے ریاست حسین آزاد ایڈووکیٹ، سردار مصروف ایڈووکیٹ اور دیگر وکلا پیش ہوئے جبکہ مقدمے میں نامزد ملزم عثمان ریاض گل اور دیگر بھی عدالت پیش ہوئے۔