وفاقی وزیر داخلہ نے آزاد کشمیر میں ایف سی تعینات کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آزاد کشمیر میں ایف سی تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے وزارت داخلہ میں وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی سے ملاقات کی جس میں آزاد کشمیر میں امن و امان اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں آزاد کشمیر کے نئے مالی سال کے بجٹ پر بھی گفتگو ہوئی۔اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے آزاد کشمیر میں ایف سی تعینات کرنے کی منظوری بھی دی،

آزادکشمیر حکومت نے پولیس کی معاونت کیلئے ایف سی تعیناتی کی درخواست کی تھی، ایف سی اہلکار نیلم جہلم، منگلا اورگل پورپاور ہائوسزکی فول پروف سکیورٹی کیلئے تعینات ہوں گے، آزاد کشمیرمیں ایف سی کے 6 پلاٹونز تعینات کئے جائیں گے اور آزادکشمیر میں ایف سی کی تعیناتی ابتدائی طور پر 3 ماہ کیلئے ہوگی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ  آزاد کشمیر میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، آزاد کشمیر میں سکیورٹی سے متعلق انتظامات کو بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام سے کئے وعدے پورے کر رہے ہیں، حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔