اسلام آباد، پولیس مقابلے میں 3 کارچور ہلاک


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تھانہ سیکرٹریٹ کی حدود میں کشمیر چوک کے قریب پولیس مقابلے میں 3  کارچور ہلاک ہو گئے جبکہ ان کی ساتھی خاتون کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق 4 رکنی کار چوروں کا گروہ مری سے اسلام آباد میں داخل ہو رہا تھا، کار چوروں کے داخل ہونے کی اطلاع پر پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی تھی ، پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 3 ملزمان موقع پر ہلاک ہو گئے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی ساتھی خاتون کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ملزمان سے لاہور سے چوری شدہ گاڑی، اسلحہ اور متعدد نمبر پلیٹس برآمد ہوئی ہیں۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ایک ملزم الیاس خان  راولپنڈی اور اسلام آباد  میں متعدد سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث تھا، پولیس کو انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھا۔