کراچی ،آن لائن گیمبلنگ کا مرکزی کردار ملک سے فرار ہوتے ہوئے گرفتار


کراچی (صباح نیوز)جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر  امیگریشن حکام نے آن لائن گیمبلنگ کے اہم کردار کو ملک سے فرار ہونے پر گرفتار کرلیا۔ملزم کو ایف آئی اے سٹیٹ بینک سرکل کراچی کے حوالے کردیا گیا ، ملزم نے کریڈٹ کارڈز کے چوری ڈیٹا پر اتحاد ائیرلائن کا ٹکٹ خریدا تھا۔آن لائن گیمبلنگ نیٹ ورک کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمے کے باوجود درجنوں اکائونٹس کے ذریعے جوا اور کریڈٹ کارڈ ڈیٹا کی چوری ہونے والی رقم کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات امیگریشن حکام نے آن لائن گیمبلنگ کے مرکزی کردار رفیق جمعہ کو بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش میں گرفتار کرلیا ، رفیق جمعہ  بیوی اور بچوں کے ہمراہ اتحاد ائیرلائن کے ذریعے امریکہ جانے کی کوشش کررہا تھا ۔

واضح رہے کہ رفیق کے خلاف سندھ پولیس کے کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ میں گزشتہ برس ایک مقدمہ درج ہوا تھا اور اس مقدمے میں رفیق جمعہ ،بشیر جمعہ ،جاوید عرشی ،اعظم بیگ اور اویس بیگ کو را کا ایجنٹ ظاہر کیا گیا تھا تاہم اس مقدمے میں مبینہ رشوت کے عوض سی ٹی ڈی کی تفتیشی ٹیم نے اس مقدمے کو سی کلاس کر کے مقدمہ ختم کرنے کی سفارش کی تھی لیکن تاحال عدالت نے سی ٹی ڈی کی رپورٹ پر کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے یہ مقدمہ تاحال برقرار ہے اسی دوران رواں برس ایف آئی اے کے  سٹیٹ بینک سرکل کراچی میں آن لائن گیمبلنگ سے منسلک کرداروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ،اس مقدمے میں ایف آئی اے کی ٹیم نے اعظم بیگ کی اہلیہ رباب اس کے بھانجے شجاعت اور رفیق جمعہ اور رشید جمعہ کے ایک دست راست طارق کو گرفتار کیا ہوا ہے جب کہ اس مقدمے کی تحقیقات میں رفیق جمعہ رشیدجمعہ کا نام اس لئے بھی سامنے آیا ہے کہ گرفتار ملزم طارق نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا تھا کہ آن لائن گیمبلنگ کے لئے رشید جمعہ نے ہی شناختی کارڈ لیاتھا اور اسی کے کہنے پر اکائونٹ کھولا گیا تھا جس کے لئے وہ ماہانہ پیسے دیتا تھا ۔

یاد رہے کہ ان لائن گیمبلنگ سے منسلک کردار رفیق جمعہ رشیدجمعہ ،اویس بیگ ،سمیت دیگر برطانیہ ،امریکہ ،فرانس، کینیڈا اور عرب ممالک کے شہریوں کا کریڈٹ کارڈ ڈیٹا چوری کر کے ان لائن بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ بھی خریدنے میں ملوث رہے ہیں اور ماضی میں اس گروہ نے بین الاقوامی جتنے بھی سفر کئے وہ سب چوری شدہ کریڈٹ کارڈ سے ہی حاصل کئے تھے اور کریڈٹ کارڈ پر آن لائن ٹکٹ کی سہولت یہ گروہ اپنے ایک ساتھی شہزاد کی مدد سے حاصل کرتے ہیں اور رفیق جمعہ کو بھی آن لائن ٹکٹ کی سہولت شہزاد نے دی ہے جو اس وقت ملائیشیا میں موجود ہے۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات امیگریشن حکام نے بورڈنگ کے لئے آنے والے ملزم رفیق جمعہ کو امیگریشن کائونٹر پر ہی روک لیا اور بعد ازاں ایف آئی اے سٹیٹ بینک سرکل کراچی کی ٹیم کے حوالے کردیا ہے۔