کے الیکٹرک کے واجبات کی عدم ادائیگی پر سرکاری محکموں کی بجلی منقطع کرنے کا فیصلہ


کراچی (صباح نیوز)کراچی میں کے الیکٹرک کے واجبات کی عدم ادائیگی پر سرکاری محکموں کی بجلی منقطع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کے الیکٹرک کے ایک ارب 70 کروڑ روپے واجبات نہ دینے پر سندھ کے 64 محکموں کی بجلی منقطع ہوگی، اس حوالے سے کے الیکٹرک کی جانب سے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری توانائی کو خط ارسال کردیا گیا ہے۔کے الیکٹرک کی جانب سے کہا گیا کہ 8 خط لکھے جاچکے مگر وعدے کے مطابق واجبات اور بل ادا نہیں ہوئے، فیصلہ کیا گیا ہے بجلی کے کنکشن منقطع کئے  جائیں گے۔

کے الیکٹرک نے خط میں لکھا ہے کہ 2019 میں حکومت سندھ نے تمام واجبات اور نئے بل ادا کرنے کا کہا تھا، محکمہ توانائی کو بجلی کے بل اور واجبات ادا کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔کے الیکٹرک کی جانب سے کہا گیا کہ صوبائی محکموں کے بجلی کنکشن منقطع کرنے کی کارروائی شروع کرچکے ہیں، فوری طور پر معاملہ حل کیا جائے، پرانے واجبات بشمول نئے ادا کئے جائیں۔کے الیکٹرک نے خط میں 64 صوبائی محکموں و اداروں کی فہرست شامل کی ہے۔